کراچی (4 اکتوبر 2025): پاکستان میں صحت کے شعبے میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ڈاؤ یونیورسٹی کے اوجھا کیمپس میں ملک کا پہلا مفت پلمونری ری ہیبیلیٹیشن سینٹر قائم کر دیا گیا۔ اس مرکز کو مرحوم ڈاکٹر سید عاشق حسین کی یاد میں ان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، جو اوجھا انسٹیٹیوٹ آف چیسٹ ڈیزیزز کے سابق سربراہ رہے ہیں۔ اس کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نازلی حسین نے کیا۔
اس موقع پر پلمونری سینٹر کے ساتھ ساتھ اوجھا انسٹیٹیوٹ آف چیسٹ ڈیزیزز میں ایک نیا آئی وی ڈائلیوشن سینٹر بھی باضابطہ طور پر کھولا گیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر پروفیسر افتخار احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مرتضیٰ سوہو، ڈاکٹر نیاز سومرو، ڈاکٹر فیصل اسد اور ڈاکٹر فیصل فیاض زبیری سمیت دیگر فیکلٹی اراکین موجود تھے۔
پروفیسر نازلی حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور آج دو نئے مراکز کے قیام سے یہ مشن مزید آگے بڑھا ہے۔
پروفیسر افتخار احمد نے بتایا کہ اوجھا انسٹیٹیوٹ آف چیسٹ ڈیزیزز سانس کی بیماریوں کے مریضوں کو تمام سہولیات بشمول تشخیص، علاج اور ادویات مفت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ٹی بی کے مریضوں کے لیے آئی سی سہولت بھی مفت دستیاب ہے، جو پاکستان میں کسی اور ادارے میں موجود نہیں۔
یہ دونوں مراکز نہ صرف ڈاؤ یونیورسٹی کی خدمات کا تسلسل ہیں بلکہ پاکستان کے صحت کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں ایک اہم سنگِ میل بھی ہیں، خاص طور پر ان مریضوں کے لیے جو پھیپھڑوں اور سانس کی دیرینہ بیماریوں کا شکار ہیں۔