پاکستان نے 50 کروڑ ڈالر کا یوروبانڈ بروقت ادا کردیا

اسلام آباد (یکم اکتوبر 2025) — پاکستان نے 50 کروڑ ڈالر مالیت کا یوروبانڈ اپنی میعاد پوری ہونے پر بروقت ادا کر دیا ہے، جسے حکومتی حکام نے ملک کی بہتر مالی نظم و ضبط اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کی علامت قرار دیا ہے۔

یہ 10 سالہ یوروبانڈ 2015 میں جاری کیا گیا تھا، جو 30 ستمبر کو میچور ہوا۔ مشیر خزانہ خرم شہزاد نے تصدیق کی کہ رقم کی ادائیگی بروقت کردی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے پاکستان کے قرضوں کی ذمہ داری پوری کرنے کے عزم کا اظہار ہوتا ہے، حالانکہ ملک کو اب بھی کئی معاشی دباؤ کا سامنا ہے۔

"بین الاقوامی قرضوں کی بروقت ادائیگی پاکستان کے مالی نظم و ضبط کو ظاہر کرتی ہے،” خرم شہزاد نے کہا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ مہینوں میں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اور لیکویڈیٹی میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی خودمختار حیثیت کی درجہ بندی کو بہتر بنایا ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے اور پاکستانی بانڈز اب پریمیم پر فروخت ہو رہے ہیں۔

مشیر خزانہ کے مطابق حکومت نے قرضوں کے بوجھ میں کمی کے لیے نمایاں پیش رفت کی ہے۔ ان کے بقول قرضہ جات کا حجم جی ڈی پی کے تناسب سے 77 فیصد سے گھٹ کر 70 فیصد پر آگیا ہے، جبکہ مجموعی حکومتی قرضوں میں بیرونی قرضے کا حصہ 38 فیصد سے کم ہو کر 32 فیصد رہ گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مالی سال 2025 میں قرضوں کے بڑھنے کی رفتار نمایاں طور پر کم رہی۔ عالمی سطح پر قرض لینے کی لاگت میں کمی کے باعث پاکستان کو آئندہ بھی کم شرح سود پر قرضے حاصل کرنے میں سہولت ملے گی، جو معیشت کے لیے مزید ریلیف فراہم کرے گی۔

یہ بروقت ادائیگی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب پاکستان کو عالمی مالیاتی اداروں، بالخصوص آئی ایم ایف، کی جانب سے باریک بینی سے دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ حکومت ایک طرف قرضوں کی بروقت ادائیگی کر رہی ہے اور دوسری جانب معیشت کو مستحکم کرنے کے اقدامات بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

More From Author

جولائی۔اگست میں امریکا، برطانیہ اور چین پاکستان کی برآمدات کی سب سے بڑی منزلیں

کراچی میں ہلکا زلزلہ، شہری خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے