پاکستان میں سیلاب: کھیت، فیکٹریاں اور معیشت سب ڈوب گئے

اسلام آباد: پاکستان اس وقت حالیہ برسوں کے سب سے تباہ کن سیلاب سے دوچار ہے۔ ریکارڈ بارشوں اور بھارت کی جانب سے ڈیموں سے پانی چھوڑنے کے نتیجے میں وسیع علاقے زیرِ آب آگئے ہیں، جس سے نہ صرف زرعی زمینیں تباہ ہوئی ہیں بلکہ صنعتی مراکز بھی متاثر ہوئے ہیں۔ اس آفت نے خوراک کی فراہمی، برآمدات اور پہلے سے نازک معیشت کو گہرا جھٹکا دیا ہے۔

حکومت نے 2026 کے آغاز میں 4.2 فیصد شرح نمو کا ہدف مقرر کیا تھا، جو آئی ایم ایف کے سات ارب ڈالر کے بیل آؤٹ اور زراعت و صنعت کی بحالی کی امیدوں پر مبنی تھا۔ لیکن موجودہ صورتحال نے یہ امکانات تقریباً ختم کر دیے ہیں۔ ماہرین اور حکام کا کہنا ہے کہ اس بار کے نقصانات 2022 کے سیلاب سے بھی زیادہ سنگین ثابت ہو سکتے ہیں، جب ملک کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوبا تھا، کیونکہ اس مرتبہ کھیتوں اور صنعتوں دونوں کو یکساں طور پر نقصان پہنچا ہے۔

ماهوار سیٹلائٹ تصاویر کے مطابق، اگست اور ستمبر کے درمیان 2,20,000 ہیکٹر سے زائد دھان کی فصل زیرِ آب آ گئی۔ صرف پنجاب میں 18 لاکھ ایکڑ اراضی ڈوب گئی ہے، جہاں چاول، کپاس اور مکئی کی نصف سے زائد فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔ کسان تنظیموں کا کہنا ہے کہ مجموعی نقصان ایک کھرب روپے (تقریباً 3.5 ارب ڈالر) سے بڑھ سکتا ہے۔

زرعی ماہر اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خان کے مطابق، ملک کی کم از کم 10 فیصد فصلیں ختم ہو گئی ہیں، جبکہ بعض اضلاع میں سبزیوں کی تباہی 90 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تباہی ایسے وقت پر آئی ہے جب گندم کی کاشت شروع ہونے والی ہے۔ "یہ صرف مہنگائی نہیں، بلکہ خوراک کی عدم دستیابی کا خطرہ ہے،” خان نے خبردار کیا۔

معیشت پر ضرب

سیلاب کے اثرات معیشت پر فوری طور پر نظر آنے لگے ہیں۔ گندم، چینی، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور حساس قیمتوں کا اشاریہ 26 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اعتراف کیا کہ شرح نمو کے تخمینے اب خطرے میں ہیں۔ اسٹیٹ بینک نے بھی معاشی نمو کو 3.25 سے 4.25 فیصد کی حد کے نچلے درجے تک محدود کر دیا ہے اور اسے "عارضی لیکن شدید جھٹکا” قرار دیا ہے۔

آئی ایم ایف اس ہفتے پاکستان کے بجٹ اور ہنگامی اقدامات کا جائزہ لینے والا ہے۔ نمائندہ مہیر بنیچی کے مطابق، سیلاب کے نقصانات اس جائزے میں بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ تاہم ماہرین معیشت کا خیال ہے کہ حکومت خطرات کو کم کرکے پیش کر رہی ہے۔ سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ پاشا کا کہنا ہے کہ موجودہ کھاتہ خسارہ سات ارب ڈالر تک بڑھ سکتا ہے۔ ان کے بقول، "یہ سیلاب پچھلے سے زیادہ خطرناک ہیں۔”

صنعتیں بھی پانی میں

یہ بحران صرف کھیتوں تک محدود نہیں رہا۔ سیالکوٹ جیسے برآمدی مراکز، جہاں ٹیکسٹائل، کھیلوں کے سامان اور سرجیکل آلات کی صنعتیں قائم ہیں، بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ کپاس کی پیداوار میں کمی نے ٹیکسٹائل سیکٹر — جو پاکستان کا سب سے بڑا زرمبادلہ کمانے والا شعبہ ہے — کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے۔ دوسری جانب چاول برآمد کرنے والے کہتے ہیں کہ بڑھتی ہوئی لاگت سے پاکستان بھارتی مارکیٹ کے مقابلے میں پیچھے رہ سکتا ہے۔

ملتان کے قریب ایک کسان رَب نواز نے بتایا: "ہمارے پاس 400 ایکڑ پر کپاس تھی، لیکن صرف 90 ایکڑ باقی بچی ہے۔”

انسانی المیہ

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق، 26 جون سے اب تک کم از کم 1,006 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ پنجاب اور سندھ میں 25 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ لاہور میں درجنوں علاقے اور چھوٹے کاروبار مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔ ایک رکشہ ڈرائیور محمد عارف، جو پانچ بچوں کے باپ ہیں، نے بتایا: "ہمارا گھر ختم ہو گیا ہے۔ ہم تین دن سے سڑک پر ہیں۔”

اب جب کہ پانی اترنے کا کوئی واضح امکان نظر نہیں آ رہا اور گندم کی کاشت کا وقت تیزی سے گزر رہا ہے، اصل سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان اپنی خوراک اور معیشت کو بڑے پیمانے پر لگنے والے اس جھٹکے سے بروقت سنبھال پائے گا یا یہ بحران ناقابلِ تلافی ثابت ہوگا؟

More From Author

سیلاب متاثرہ کسانوں کے لیے زرعی ترقیاتی بینک کے قرض معاف کرنے پر غور

متحدہ عرب امارات نے نو ممالک کے شہریوں کے ویزے عارضی طور پر معطل کر دیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے