پاکستانی آسمان رواں سال کا سب سے دلکش اور روشن فلکی مظاہرہ دیکھنے والا ہے، جب “بیور مون” یعنی سال 2025 کا سب سے بڑا سپر مون 4 اور 5 نومبر (منگل اور بدھ) کی راتوں میں اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ نمودار ہوگا۔
“بیور مون” کا نام امریکی مقامی قبائل اور ابتدائی نوآبادیاتی دور کی روایات سے منسوب ہے، جب شکاری اور جال لگانے والے سردیوں سے پہلے دلدلی علاقوں میں بیورز (ایک قسم کا آبی جانور) کے جال لگاتے تھے تاکہ برف باری سے قبل شکار مکمل کیا جا سکے۔
یہ سپر مون اس بار غیر معمولی طور پر بڑا اور روشن دکھائی دے گا کیونکہ چاند زمین کے سب سے قریب فاصلے (221,817 میل) پر پہنچے گا، جو اکتوبر کے فل مون سے تقریباً 2,800 میل قریب ہے۔
ناسا کے مطابق، چاند کا سائز حقیقت میں نہیں بڑھتا، مگر زمین سے قربت کی وجہ سے یہ 14 فیصد تک بڑا اور 30 فیصد تک زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے۔
دلچسپی کی بات یہ ہے کہ اسی دوران ٹوریڈ میٹیور شاورز بھی آسمان پر دکھائی دیں گی، جن سے چمکتے ہوئے آہستہ حرکت کرنے والے شہابِ ثاقب کبھی کبھار نظر آئیں گے۔ ماہرِ فلکیات رابرٹ لنزفورڈ کا کہنا ہے کہ اگرچہ نومبر میں بڑی شہابی بارش کی توقع نہیں، مگر شمالی اور جنوبی ٹوریڈز کے ساتھ ساتھ لیونڈز کے میٹیورز بھی آسمان کو مزید دلکش بنائیں گے۔
کب دیکھیں
بیور سپر مون دیکھنے کا بہترین وقت منگل (4 نومبر) کی شام چاند نکلنے کے وقت ہوگا، جبکہ اگلی رات (5 نومبر) بھی ناظرین کو ایک اور شاندار منظر دیکھنے کا موقع ملے گا۔
لوگ اس دوران ایک دلچسپ قدرتی مظہر “مون الیوژن” بھی محسوس کریں گے، جس میں افق کے قریب چاند عمارتوں اور درختوں کے درمیان غیر معمولی حد تک بڑا دکھائی دیتا ہے۔
ماہرینِ فلکیات کے مطابق، سپر مون کا بہترین نظارہ حاصل کرنے کے لیے اندھیری، کھلی جگہ کا انتخاب کریں جہاں سے مشرقی افق صاف نظر آئے اور مصنوعی روشنی کم سے کم ہو۔