آرگینک میٹ کمپنی لمیٹڈ (TOMCL) نے سعودی عرب کی معروف کمپنی العبیر کولڈ اسٹور ٹریڈنگ کمپنی کے ساتھ 5.2 ملین ڈالر مالیت کا اہم ایکسپورٹ معاہدہ طے کر لیا ہے۔ یہ معاہدہ کراچی میں ہونے والی فوڈ ایگ نمائش کے دوران حتمی شکل دیا گیا۔
اس شراکت داری کے تحت کمپنی آئندہ بارہ مہینوں تک منجمد گوشت کی مختلف مصنوعات العبیر برانڈ کے تحت فراہم کرے گی۔ مکہ مکرمہ میں قائم العبیـر، جو مقامی ریٹیلرز اور فوڈ سروس کاروباروں کو گوشت اور دیگر خوراکی اشیاء سپلائی کرتی ہے، اب پاکستانی مصنوعات کو اپنی لائن میں شامل کرے گی۔
کمپنی کے مطابق یہ معاہدہ نہ صرف عالمی منڈیوں میں TOMCL کی موجودگی کو مزید مضبوط کرے گا بلکہ اس کی پرائیویٹ لیبل مصنوعات کو بھی آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پراسیسنگ اور پیکجنگ کی بہتر سہولیات کے ذریعے کمپنی اپنی مصنوعات کے معیار اور مسابقت کو مزید بہتر بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
ترسیلات اُس وقت شروع ہوں گی جب تمام حکومتی منظوریوں اور رسمی کارروائیوں کو مکمل کر لیا جائے گا، جس کے بعد پاکستانی گوشت کی سعودی مارکیٹ میں رسائی مزید بڑھے گی۔