کراچی — پاکستان کی گوشت کی صنعت کے لیے ایک بڑی خوشخبری یہ ہے کہ دی آرگینک میٹ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اسے چین سے 7.5 ملین ڈالر مالیت کے گوشت کے برآمدی آرڈرز موصول ہوئے ہیں، جو عالمی منڈیوں میں پاکستانی گوشت کی بڑھتی ہوئی طلب کی عکاسی کرتا ہے۔
کمپنی نے یہ اطلاع پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو دی ہے اور بتایا ہے کہ آئندہ ایک سال کے دوران چین کو جما ہوا بغیر ہڈی کا گوشت برآمد کیا جائے گا۔ یہ معاہدہ پاک-چین اقتصادی راہداری (CPEC) کے فریم ورک کے تحت طے پایا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی مواقع کے نئے دروازے کھول رہا ہے۔
بیان کے مطابق، چین میں حلال پروٹین مصنوعات کی مانگ تیزی سے بڑھ رہی ہے اور پاکستانی برآمد کنندگان اس طلب کو پورا کرنے کی بہتر پوزیشن میں ہیں۔ کمپنی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ گوشت کی تمام تر ترسیلات بین الاقوامی فوڈ سیفٹی اور معیار کے تقاضوں کے مطابق تیار اور پیک کی جائیں گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ پاکستان کے لیے نہ صرف چین کی وسیع صارف منڈی میں اپنی موجودگی کو مزید مضبوط بنانے کا موقع ہے بلکہ ملکی برآمدات کے شعبے کو بھی سہارا دے گا۔ پاکستان کی مویشی اور گوشت کی صنعت کے لیے یہ پیش رفت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حلال مصنوعات کی برآمدات میں بے پناہ امکانات موجود ہیں اور ان کو عالمی سپلائی چین کے تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔