لاہور – 28 جولائی 2025:
ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور عوام کو ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے کی جانب راغب کرنے کے لیے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ایک منفرد اقدام کا اعلان کیا ہے۔ اُن کے مطابق جو شہری اپنی پٹرول سے چلنے والی موٹر سائیکل کو الیکٹرک میں تبدیل کرے گا، اسے حکومت پنجاب کی جانب سے ایک لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے بتایا کہ یہ اسکیم پنجاب حکومت کے وسیع تر ماحولیاتی وژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد ماحولیاتی تباہی کو روکنا اور سبز پنجاب کا خواب پورا کرنا ہے۔ اُن کا کہنا تھا:
"یہ نوجوانوں کے لیے سنہری موقع ہے۔ اگر آپ اپنی بائیک کو الیکٹرک میں تبدیل کرتے ہیں تو نہ صرف آپ ماحول کی بہتری میں کردار ادا کریں گے، بلکہ ایک لاکھ روپے کا انعام بھی حاصل کریں گے۔”
یہ اقدام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں شروع کیے گئے موسمیاتی مہم کا حصہ ہے۔ اس مہم میں ’پلانٹ فار پاکستان‘ مہم بھی شامل ہے، جس کے تحت صوبے میں شہری جنگلات، کمیونٹی لیڈ درخت لگانے کی مہمات اور سبز علاقوں کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی اعلان کیا کہ پنجاب کے پہلے اسموگ گن کل میڈیا کو دکھائے جائیں گے، جو لاہور اور گرد و نواح کی ہوا کو صاف کرنے کی جانب ایک بڑا قدم ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ جو شہری روایتی بلب کی جگہ LED لائٹس استعمال کریں گے، انہیں کاربن گرین کریڈٹ دیے جائیں گے تاکہ ماحول دوست عادات کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا:
"ہماری ‘پلانٹ 4’ مہم کا ہدف 5 کروڑ درخت لگانا ہے۔ ماضی کی حکومتوں کی طرح صرف نعرے نہیں لگا رہے، بلکہ ہر درخت کو سیٹلائٹ سے مانیٹر کر رہے ہیں تاکہ شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ جلد ہی جدید ٹیکنالوجی پر مبنی فائر کنٹرول فورس بھی قائم کی جائے گی تاکہ آگ لگنے کے واقعات پر فوری قابو پایا جا سکے۔ جبکہ تمام مالیاتی امور اور منصوبوں کی نگرانی بینک آف پنجاب کرے گا تاکہ شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔
ایک عوام دوست اقدام کے تحت مریم اورنگزیب نے اعلان کیا کہ لاہور کے شہری 1399 پر کال کرکے گھر بیٹھے پودا منگوا سکتے ہیں۔
"یہ پودا وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے عوام کے لیے ایک تحفہ ہے۔ اب وقت ہے کہ ہم سب مل کر اپنا کردار ادا کریں،” انہوں نے کہا۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور رنگ روڈ کے اطراف 3 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، جبکہ سات ایئر کوالٹی مانیٹرز بھی نصب کیے جا چکے ہیں تاکہ فضائی آلودگی کو مسلسل مانیٹر کیا جا سکے۔ آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی:
"یہ صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں، لاہور کے شہریوں کو بھی اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ جتنے زیادہ درخت لگیں گے، اتنی ہی صاف فضا ہمیں نصیب ہوگی