پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دی مسلم 500 کی تازہ فہرست میں دنیا کے بااثر ترین مسلم شخصیات میں شامل کرلیا گیا ہے۔ یہ سالانہ اشاعت ان مسلم رہنماؤں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے قیادت، وژن اور عوامی خدمت کے ذریعے نمایاں کردار ادا کیا ہو۔
رپورٹ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قومی سلامتی کے لیے حکمتِ عملی، مضبوط قیادت اور علاقائی امن کے فروغ میں کردار کو سراہا گیا ہے۔ ان کی قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج نے نہ صرف دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنایا بلکہ انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات کو بھی بہتر کیا، جس کے باعث پاکستان کا عالمی سطح پر وقار بڑھا ہے۔
عالمی اشاعت نے فیلڈ مارشل منیر کو بین المذاہب ہم آہنگی، قومی اتحاد اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں بھی ان کے کردار کے لیے سراہا۔ رپورٹ کے مطابق ان کی قیادت نظم و ضبط، دیانت داری اور دور اندیشی پر مبنی ہے وہ خصوصیات جو پاکستان کی خارجہ اور دفاعی پالیسیوں کی سمت متعین کر رہی ہیں۔
یہ اعزاز انہیں اُن عالمی رہنماؤں، مفکرین اور مصلحین کی صف میں کھڑا کرتا ہے جنہوں نے مسلم دنیا میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔
جب پاکستان کو علاقائی اور عالمی سطح پر پیچیدہ چیلنجز کا سامنا ہے، ایسے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دی مسلم 500 میں شامل ہونا ان کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور عالمی سطح پر مثبت کردار کا ثبوت ہے۔