سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹے قاسم خان نے کہا ہے کہ ان کے والد نے بیرون ملک آرام دہ زندگی گزارنے کے بجائے ایک "تاریک جیل کی کوٹھڑی” میں رہنے کو ترجیح دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک جذباتی پیغام میں قاسم نے اپنے والد کی سیاسی جدوجہد اور ذاتی قربانیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے لکھا، "ہمارے والد نے اپنی زندگی کا زیادہ تر حصہ پاکستان میں گزارا، ہم سے دور۔ اس لیے نہیں کہ وہ مجبور تھے، بلکہ اس لیے کہ انہوں نے کرپٹ نظام کے خلاف کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا۔”
قاسم نے تسلیم کیا کہ اگرچہ ان کے والد ہر روز بطور والد ان کے ساتھ موجود نہیں رہ سکے، لیکن وہ پاکستانی قوم کیلئے ہمیشہ ایک رہنما کے طور پر موجود رہے۔ انہوں نے کہا، "انہوں نے اپنے ملک کو سب کچھ دیا — اسپتال، یونیورسٹیاں اور انصاف کی تحریک۔”
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ عمران خان کو یہ موقع دیا گیا تھا کہ وہ بقیہ زندگی انگلینڈ میں سکون سے گزاریں، جہاں وہ اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزار سکتے تھے، سیر پر جا سکتے تھے یا بیٹوں کے ساتھ کرکٹ کھیل سکتے تھے۔ قاسم نے لکھا، "لیکن اس کے بجائے انہوں نے تاریک جیل کی کوٹھڑی میں رہنا قبول کیا۔” ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد کی یہ قربانی صرف پاکستان کے لیے ہے اور ان کی طاقت پاکستان کے عوام سے آتی ہے۔