صدر ٹرمپ کا انتباہ: تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی تنازع حل ہونے تک امریکہ کوئی تجارتی معاہدہ نہیں کرے گا

واشنگٹن – 28 جولائی 2025:
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ جب تک دونوں ممالک اپنے درمیان جاری سرحدی کشیدگی کا پُرامن حل نہیں نکالتے، امریکہ ان کے ساتھ کسی قسم کا تجارتی معاہدہ نہیں کرے گا۔

یورپی یونین کے صدر کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کی قیادت سے براہِ راست رابطہ کیا ہے اور انہیں باور کرایا ہے کہ اگر وہ آپس کے جھگڑے ختم نہیں کرتے تو امریکہ ان سے تجارت نہیں کرے گا۔
"ہم تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے ساتھ کافی تجارت کرتے ہیں، لیکن وہ آپس میں لڑ رہے ہیں، ایک دوسرے کو مار رہے ہیں،” ٹرمپ نے کہا۔ "میں نے دونوں ممالک کو واضح کر دیا ہے کہ جب تک وہ بیٹھ کر معاملے کو سلجھاتے نہیں، تب تک ہم کوئی ڈیل نہیں کریں گے۔”

صدر کے مطابق، دونوں ممالک کی قیادت آج یا کل ملاقات کرنے والی ہے تاکہ اس مسئلے کا حل نکالا جا سکے۔

ٹرمپ نے اس پالیسی کو اپنی سفارتی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا جس میں وہ تجارت کو جنگوں کے خاتمے کے لیے بطور ہتھیار استعمال کر رہے ہیں۔
"میں نے روانڈا کی جنگ کو 31 سال بعد روکا، جہاں ہزاروں لوگ مارے گئے۔ میں نے وہاں بھی تجارت کو امن کے لیے استعمال کیا،” انہوں نے کہا۔

انہوں نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرانے کا دعویٰ دہراتے ہوئے بتایا کہ یہ 27ویں بار ہے کہ وہ اس کردار کا حوالہ دے رہے ہیں۔

ٹرمپ کے یہ ریمارکس یورپی یونین کے سربراہ کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران سامنے آئے، جہاں انہوں نے بتایا کہ یورپ کے ساتھ تجارتی مذاکرات مثبت سمت میں جا رہے ہیں اور اگر معاہدہ طے پاتا ہے تو یہ دونوں کے لیے مفید ہوگا۔ اس موقع پر انہوں نے اسرائیل سمیت دیگر عالمی امور پر بھی بات چیت کی۔ صدر ٹرمپ کی یہ حکمت عملی کہ وہ اقتصادی دباؤ کے ذریعے سفارتی مقاصد حاصل کرتے ہیں، ماہرین کے نزدیک ایک متنازع مگر مؤثر پالیسی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا ان کا تازہ دباؤ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کو مذاکرات کی میز پر لا پاتا ہے یا نہیں

More From Author

کراچی کے چائنا پورٹ سے نامعلوم مرد و عورت کی لاشیں برآمد: پولیس

ٹرول سے بجلی پر موٹر سائیکل تبدیل کریں، اور حاصل کریں ایک لاکھ روپے انعام — مریم اورنگزیب کا ماحولیاتی اقدامات کا اعلان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے