صدر، وزیرِاعظم کی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد – صدرِمملکت آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے پیر کے روز پاکستان سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری کو دیوالی کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی اور ملک میں تمام اقلیتوں کے حقوق و آزادی کے تحفظ کے اپنے عزم کو ایک بار پھر دہرایا۔

دیوالی، جسے روشنیوں کا تہوار کہا جاتا ہے، خوشیوں، چراغاں، عبادت اور دعاؤں کے ساتھ منائی جاتی ہے۔ یہ دن اس موقع کی یاد دلاتا ہے جب بھگوان رام 14 سالہ جلاوطنی کے بعد اپنے گھر واپس آئے تھے۔ پانچ روزہ یہ جشن روشنی کی تاریکی پر اور نیکی کی بدی پر فتح کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ دیوالی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ "روشنی ہمیشہ تاریکی پر اور اچھائی برائی پر غالب آتی ہے۔” انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو مذہبی آزادی اور مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا، “قائداعظم محمد علی جناح کا خواب ایک ایسے پاکستان کا تھا جہاں اقلیتوں کو برابر کے حقوق اور مواقع حاصل ہوں۔” انہوں نے تعلیم، تجارت اور عوامی خدمات کے شعبوں میں ہندو برادری کی خدمات کو سراہا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں ہندو برادری کو دیوالی کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا، “جب گھروں اور دلوں کو دیوالی کی روشنی سے منور کیا جا رہا ہے، تو یہ روشنی تاریکی کو مٹا دے، ہم آہنگی کو فروغ دے اور ہمیں امن، رحم دلی اور مشترکہ خوشحالی کے مستقبل کی طرف رہنمائی کرے۔”

وزیرِاعظم نے کہا کہ دیوالی کی روح جو روشنی کی تاریکی پر، نیکی کی بدی پر اور امید کی ناامیدی پر فتح کی علامت ہے ہمیں معاشرے میں عدم برداشت اور ناانصافی جیسے چیلنجز پر قابو پانے کے لیے متحد رہنے کا پیغام دیتی ہے۔ انہوں نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مذہب یا عقیدے سے بالاتر ہو کر ایک پُرامن اور ترقی یافتہ پاکستان کے لیے مل کر کام کریں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے اسے "روشنی، امید اور تجدیدِ عزم کا تہوار” قرار دیا۔ بلاول ہاؤس میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ دیوالی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ "روشنی ہمیشہ تاریکی پر غالب آتی ہے اور سچائی، امن و محبت نفرت اور تقسیم پر فتح پاتے ہیں۔”

بلاول بھٹو نے کہا کہ اپنی والدہ، سابق وزیرِاعظم بے نظیر بھٹو، اور نانا ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کے مطابق پیپلز پارٹی ایک ترقی پسند اور جامع پاکستان کی تشکیل کے لیے پرعزم ہے، جہاں تمام مذاہب کے ماننے والے عزت و احترام کے ساتھ ایک ساتھ رہ سکیں۔

انہوں نے ہندو برادری کی پاکستان کی ثقافتی اور قومی زندگی میں گرانقدر خدمات کو سراہتے ہوئے عوام پر زور دیا کہ وہ دیوالی کے حقیقی پیغام محبت، اتحاد اور امید کو اپنائیں۔

سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری اور وزیرِاعلیٰ مراد علی شاہ نے بھی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دی۔ اپنے علیحدہ پیغامات میں دونوں رہنماؤں نے دیوالی کو خوشی، روشنی، امن اور محبت کا تہوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا معاشرتی اتحاد اور قومی یکجہتی کے لیے ناگزیر ہے۔

More From Author

حج 2026 کی خواہش رکھنے والوں کے لیے خوشخبری

سہیب مقصود کا کروڑوں روپے کے فراڈ کا انکشاف، وزیراعلیٰ پنجاب سے انصاف کی اپیل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے