دبئی — پاکستان کے اوپنر سائم ایوب منگل کے روز اس وقت خبروں کی زینت بن گئے جب انہوں نے شاہد آفریدی کا ایک ناپسندیدہ ریکارڈ برابر کر دیا۔ بائیں ہاتھ کے بیٹر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ میں صفر پر آؤٹ ہونا پڑا، جو ان کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مسلسل تیسرا صفر ہے۔
سائم ایوب پانچ گیندوں تک ہی وکٹ پر ٹک سکے اور جُنید صدیقی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس اننگز کے بعد ان کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں آٹھ بار صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ بن گیا، جو کہ شاہد آفریدی کے برابر ہے۔ فرق صرف یہ ہے کہ آفریدی نے یہ ریکارڈ 98 میچوں میں بنایا تھا جبکہ سائم نے صرف 44 اننگز میں۔
اس فہرست میں سب سے آگے عمر اکمل ہیں، جو 84 میچوں میں 10 بار بغیر رن بنائے پویلین لوٹے۔ ان کے بعد آفریدی اور اب سائم آٹھ آؤٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ کامران اکمل سات بار صفر پر آؤٹ ہو کر تیسرے نمبر پر ہیں، جبکہ سینئر کھلاڑی محمد حفیظ اور موجودہ کپتان بابر اعظم بھی سات سات بار بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہو چکے ہیں۔
جہاں آفریدی کا ریکارڈ ایک طویل اور جارحانہ کیریئر کا حصہ تھا، وہیں سائم ایوب کی ناکامیوں نے ان کی مستقل مزاجی پر سوال اٹھا دیے ہیں، خاص طور پر اس وقت جب پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ایک قابلِ اعتماد اوپننگ جوڑی کی اشد ضرورت ہے۔