حیدرآباد: شہر حیدرآباد اور گردونواح میں پیر کے روز موسلا دھار بارشوں نے نظام زندگی مفلوج کر دیا۔ نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے اور ضلعی انتظامیہ نے تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں 58 ملی میٹر جبکہ ایئرپورٹ پر 63 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے بعد قاسم آباد، گڈو چوک ریلوے انڈرپاس، ریلوے اسٹیشن، شہباز بلڈنگ اور کمشنر ہاؤس سمیت کئی اہم مقامات پر پانی جمع ہوگیا جبکہ مرکزی شاہراہیں بھی تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔
ضلعی انتظامیہ نے تصدیق کی کہ صورت حال کے پیش نظر سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
جامشورو اور کوٹری میں بھی کئی فٹ پانی مین شاہراہوں پر جمع ہوگیا جس سے ٹریفک شدید متاثر ہوئی اور گھروں میں پانی داخل ہونے سے شہری مشکلات میں گھر گئے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ بلدیاتی اداروں کی سست روی کے باعث انہیں بروقت ریلیف نہیں مل سکا۔
اسی طرح میرپورخاص، مٹیاری، ہالا اور ٹنڈو محمد خان میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ حالات کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر مٹیاری اور ٹنڈو محمد خان نے بھی اپنے اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے ایک روز کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا۔
مقامی حکام کے مطابق بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے اقدامات جاری ہیں تاہم نشیبی علاقوں میں صورتحال تاحال ’’تشویشناک‘‘ بتائی جارہی ہے۔