جدہ سے آنے والی سیرین ایئر کی پرواز نے کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی، 200 سے زائد عمرہ زائرین محفوظ

جمعہ کی شب ایک بڑے حادثے سے بال بال بچاؤ ہوا جب جدہ سے لاہور آنے والی سیرین ایئر کی پرواز کو تکنیکی خرابی کے باعث کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ طیارے میں دو سو سے زائد مسافر سوار تھے جن میں بڑی تعداد عمرہ زائرین کی تھی۔

ایوی ایشن حکام کے مطابق دورانِ پرواز جہاز میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی جس پر پائلٹ نے فوری طور پر کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا اور ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ اجازت ملنے کے بعد طیارے کو بحفاظت کراچی میں اتارا گیا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔

ابتدائی معائنے میں ایندھن کے اخراج (فیول لیک) کی نشاندہی ہوئی جس کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ایئرلائن کے انجینئرز نے بھی طیارے کی مرمت کا عمل شروع کر دیا ہے۔

پرواز میں سوار مسافروں نے بتایا کہ جب پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کا اعلان کیا تو جہاز کے اندر گھبراہٹ کی کیفیت پیدا ہوگئی، تاہم جہاز کے محفوظ اترنے پر سب نے سکون کا سانس لیا۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ پاکستان میں مسافر طیاروں کو ایسے خطرات کا سامنا ہوا ہو۔ چند ماہ قبل بھی کراچی سے لاہور جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 304 لینڈنگ کے دوران پرندے کے ٹکرانے کے باعث حادثے سے بال بال بچ گئی تھی۔ اس جہاز میں 120 سے زائد مسافر سوار تھے اور لاہور ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد معائنے میں برڈ ہٹ کے شواہد ملے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعات فلائٹ سیفٹی سے متعلق سنجیدہ سوالات کو اجاگر کرتے ہیں اور مستقبل میں کسی بڑے حادثے سے بچنے کے لیے مزید سخت حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔

More From Author

ریلوے اور ڈیمز کی تعمیر: اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل

کراچی میں آن لائن منشیات نیٹ ورک چلانے والے چار ملزمان گرفتار

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے