کراچی: ایک افسوسناک واقعے میں شمالی ناظم آباد کے بلاک جی میں ایک بے روزگار شخص نے منگل کی صبح مبینہ طور پر مالی مشکلات کے باعث اپنی دو کمسن بیٹیوں کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت 50 سالہ اکبر ستار کے نام سے ہوئی ہے، جس نے اپنی بیٹیوں 15 سالہ علیہ اور 9 سالہ زینب کے گلے چاقو سے کاٹ کر ان کی جان لے لی۔ واقعہ کوسر نیاز ی کالونی میں ان کے گھر پر پیش آیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا، جہاں ضابطے کی کارروائی مکمل کی گئی۔
پولیس نے موقع سے ملزم کو گرفتار کر لیا اور قتل میں استعمال ہونے والا ہتھیار برآمد کر لیا۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ اکبر شدید مالی دباؤ کا شکار تھا اور اس پر ادھار کی رقم اور "کمیٹی” کے بقایاجات واجب الادا تھے۔
ایس ایچ او عدیل احمد کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم کے بیانات میں تضاد پایا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ تفتیش کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم کا کہنا تھا کہ اس نے اپنی بڑی بیٹی کو اس لیے قتل کیا کیونکہ وہ فون پر کسی سے بات کر رہی تھی۔
پولیس کے مطابق اکبر چھ بچوں کا باپ ہے ایک بیٹا اور پانچ بیٹیاں جن میں سے مقتول بچیاں اس کی تیسری اور چوتھی اولاد تھیں۔
حیدری مارکیٹ تھانے میں ملزم کے خلاف مقدمہ اس کے شادی شدہ بیٹے ارسلان کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ارسلان اپنے سسرال میں موجود تھا جب صبح تقریباً سات بجے اس کی پھوپھی سکینہ نے اطلاع دی کہ اس کے والد نے دو بہنوں کو قتل کر دیا ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ واقعے کی مکمل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔