برطانیہ نے پاکستان کا نام ایئر سیفٹی بلیک لسٹ سے نکال دیا، براہ راست پروازوں کی راہ ہموار

لندن:
پاکستانی مسافروں کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، برطانیہ نے پاکستان کو اپنی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا ہے جس کے بعد پاکستانی ایئرلائنز دوبارہ برطانیہ کیلئے پروازوں کی اجازت حاصل کرنے کی اہل ہو گئی ہیں۔

یہ اعلان بدھ کے روز برطانوی ایئر سیفٹی کمیٹی کی جانب سے کیا گیا، جس نے تصدیق کی کہ پاکستانی کیریئرز اب براہ راست پروازوں کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ تاہم، پروازوں کے آغاز سے قبل ہر ایئرلائن کو برطانیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے تمام لازمی اجازت نامے اور لائسنس لینا ہوں گے۔

واضح رہے کہ 2021 میں پاکستان کی ایوی ایشن سیکٹر کی سیفٹی اسٹینڈرڈز پر تحفظات کے باعث اسے بلیک لسٹ میں شامل کیا گیا تھا۔ اس فیصلے کا اطلاق اُس کے بعد ہوا جب پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) اور برطانوی ماہرین کے درمیان کئی برسوں پر محیط تکنیکی تعاون کے بعد یہ ثابت ہوا کہ پاکستان نے مطلوبہ حفاظتی معیارات کو پورا کر لیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے برطانیہ میں مقیم 16 لاکھ سے زائد پاکستانی نژاد افراد اور ہزاروں برطانوی شہریوں کیلئے سفر آسان ہو جائے گا جو پاکستان آتے جاتے رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بھی فروغ دے گی، جہاں برطانیہ اس وقت پاکستان کا تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور دو طرفہ تجارت کا حجم 4.7 ارب پاؤنڈ تک پہنچ چکا ہے۔

برطانوی ایئر سیفٹی کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ یہ فیصلہ ایک آزاد اور تکنیکی بنیادوں پر کی جانے والی جانچ پڑتال کے بعد کیا گیا ہے۔

پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا:

’’میں دونوں ممالک کے ایوی ایشن ماہرین کی محنت کی شکر گزار ہوں جنہوں نے عالمی سیفٹی اسٹینڈرڈز حاصل کرنے کیلئے کام کیا۔ اگرچہ پروازوں کی مکمل بحالی میں کچھ وقت لگے گا، مگر مجھے خوشی ہو گی کہ میں پاکستان جاتے ہوئے کسی پاکستانی ایئرلائن سے سفر کر سکوں۔‘‘ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ پاکستان کی ایوی ایشن انڈسٹری کیلئے مثبت ثابت ہوگا جو حالیہ برسوں میں عالمی سطح پر سوالات کی زد میں رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ قدم پاکستانی ایئرلائنز پر عالمی اعتماد کی بحالی کی جانب پہلا مرحلہ ہے

More From Author

سعودی عرب میں منشیات اسمگلنگ پر پاکستانی شہری کو سزائے موت

وفاقی کابینہ کا جان بچانے والی ادویات کی درآمد پر استثنیٰ میں پانچ سال کی توسیع کا فیصلہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے