چلاس – بابوسر–ناران روڈ کو شدید برفباری اور سخت سرد موسم کے باعث ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ یہ اعلان ڈپٹی کمشنر دیامر عطاالرحمٰن کاکڑ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کیا گیا۔
29 نومبر کو جاری ہونے والی اس ہدایت میں بتایا گیا کہ بابوسر ٹاپ اور خیبر پختونخوا کے قریبی بلند مقامات میں موسم کی خراب صورتحال کے پیشِ نظر عام آمدورفت پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
مسلسل برفباری کے باعث سڑک پر پھسلن پیدا ہوگئی ہے، جس نے سفر کو خطرناک بنا دیا ہے۔ اب تک برف ہٹانے کا کوئی آپریشن شروع نہیں کیا گیا، جس سے راستہ کھولنے میں مزید تاخیر کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں، دیامر اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی واپس بلا لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ موسم بہتر ہونے تک سڑک بند رہے گی۔
مقامی آبادی اور مسافروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس علاقے کا رخ نہ کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ادھر محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا، جب کہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت شدید سردی کی لہر برقرار رہے گی۔ محکمے نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح و رات کے وقت گھنی دھند پڑنے کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔
آنے والے دنوں میں شمالی علاقوں میں درجہ حرارت مزید کم ہونے کا امکان ہے، جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں سرد اور خشک موسم رہا، جب کہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی چھائی رہی۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے کچھ مقامات پر دھند نے حدِ نگاہ کو متاثر کیا۔
اسکردو میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب لاہور آج فضائی آلودگی کے اعتبار سے پاکستان کے سب سے زیادہ آلودہ شہروں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر برقرار رہا۔