امریکی انتباہ: غیر ملکیوں کے ویزے نفرت اور تشدد کو فروغ دینے پر منسوخ کر دیے جائیں گے

واشنگٹن: قدامت پسند سیاسی مبصر چارلی کرک کے قتل کے بعد امریکی محکمہ خارجہ نے غیر ملکیوں کو سخت انتباہ جاری کیا ہے کہ جو افراد آن لائن تشدد کو ہوا دیں گے یا نفرت انگیز مواد پھیلائیں گے، ان کے ویزے منسوخ کر دیے جائیں گے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق، امریکی نائب وزیر خارجہ کرس لینڈاؤ نے کہا ہے کہ غیر ملکی شہریوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی سخت نگرانی شروع کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دیکھ کر افسوس ہوا کہ بعض لوگ اس قتل کو سراہ رہے ہیں، اس کا جواز پیش کر رہے ہیں یا اس کی سنگینی کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

کرس لینڈاؤ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عوام سے اپیل کی کہ ایسے تبصرے یا مواد حکام کی توجہ میں لایا جائے تاکہ امریکی عوام کی سلامتی یقینی بنائی جا سکے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب واشنگٹن نے اس نوعیت کے اقدامات کیے ہوں۔ ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں تقریباً 6 ہزار غیر ملکی طلبہ کے ویزے منسوخ کیے گئے تھے۔ اس وقت حکام نے وجہ ویزا کی میعاد سے تجاوز، امریکی قوانین کی خلاف ورزی اور چند معاملات میں مبینہ طور پر دہشت گردی کی حمایت کو قرار دیا تھا۔ یہ اقدام امیگریشن پر کڑی پابندیوں کے حصے کے طور پر سامنے آیا تھا، جس میں طلبہ کے ویزوں پر سختی، پس منظر کی تفصیلی جانچ اور سوشل میڈیا کی باریک بینی سے نگرانی بھی شامل تھی۔

تازہ اعلان سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ امریکی حکومت ایک بار پھر سخت مؤقف اختیار کر رہی ہے اور یہ واضح پیغام دے رہی ہے کہ انتہا پسندی، چاہے آن لائن ہو یا آف لائن، کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

More From Author

اے این ایف کی ملک گیر کارروائیاں، 4 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

جی ٹی روڈ پر تیز رفتار کار کی ٹکر، رکشہ کچلا گیا، 3 افراد جاں بحق

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے