اسلام آباد کی معروف بیکری کے باہر فائرنگ سے دو افراد جاں بحق

اسلام آباد — وفاقی دارالحکومت کے معروف علاقے بلیو ایریا میں منگل کی رات ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مشہور "لوفولوجی” بیکری کے باہر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ یہ واقعہ اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج (ISE) ٹاور کے عین سامنے پیش آیا۔

عینی شاہدین کے مطابق، دونوں افراد بیکری کے قریب بیٹھے ہوئے تھے جب نامعلوم مسلح افراد نے اچانک اندھا دھند فائرنگ کردی۔ گولیاں ان کے سر اور جسم کے مختلف حصوں میں لگیں، جس کے باعث دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور کرائم سین انویسٹی گیشن یونٹ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے شروع کردیئے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ فرانزک ماہرین نے جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول اور دیگر شواہد اکٹھے کیے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق، واقعہ ڈکیتی یا مزاحمت کے دوران پیش آنے والا نہیں لگتا بلکہ شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ ایک ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہوسکتا ہے۔ پولیس نے تاحال مقتولین کی شناخت ظاہر نہیں کی اور نہ ہی حملے کی وجہ سامنے آئی ہے۔

اس افسوسناک واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ شہریوں اور دکانداروں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بلیو ایریا جیسے مصروف تجارتی مرکز میں سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔

More From Author

سابق سینیٹر مشاق احمد 9 اکتوبر کو وطن واپس پہنچیں گے، اسرائیلی حراست سے رہائی کے بعد واپسی کی تصدیق: ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار

کراچی کے لیاقت آباد میں فیکٹری میں آگ پر قابو پا لیا گیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے