انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو ایشیا کپ 2025 کے دوران بار بار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دو ایک روزہ میچز سے معطل کر دیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق، حارث رؤف کے مجموعی طور پر چار ڈی میرٹ پوائنٹس مکمل ہو چکے ہیں جو کہ 24 ماہ کے عرصے میں کسی بھی کھلاڑی کے لیے معطلی کا سبب بنتے ہیں۔ یہ پوائنٹس پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچز میں ان کے غیرمہذب رویے کے باعث دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق، حارث رؤف پر الزام تھا کہ انہوں نے میدان میں غیر کھیل روح کے منافی رویہ اختیار کیا، جس میں جارحانہ اشارے اور الفاظ شامل تھے۔
میچ ریفری رچی رچرڈسن نے حارث کے رویے پر 14 ستمبر اور 28 ستمبر کے میچز میں ان پر 30 فیصد میچ فیس جرمانہ اور دو دو ڈی میرٹ پوائنٹس عائد کیے۔ اس طرح ان کے پوائنٹس کی تعداد چار ہو گئی، جس کے نتیجے میں انہیں دو میچز سے معطل کر دیا گیا۔
بھارت کے سوریا کمار یادو اور پاکستان کے سائم فرحان پر بھی اسی نوعیت کے رویے پر جرمانے عائد کیے گئے، تاہم ان کے پوائنٹس کم ہونے کی وجہ سے وہ معطلی سے بچ گئے۔
اس فیصلے کے بعد، حارث رؤف جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کے ابتدائی دو ون ڈے میچز (4 اور 6 نومبر 2025) نہیں کھیل سکیں گے۔
آئی سی سی کے ضوابط کے مطابق، لیول ون خلاف ورزیوں میں کھلاڑی کو وارننگ، 50 فیصد تک میچ فیس جرمانہ اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس دیے جا سکتے ہیں۔ تاہم، اگر کسی کھلاڑی کے چار یا اس سے زیادہ پوائنٹس دو سال کے اندر مکمل ہو جائیں، تو وہ عارضی معطلی کا باعث بنتے ہیں۔
آئی سی سی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ کرکٹ کی روح، نظم و ضبط اور باہمی احترام کھیل کی ساکھ برقرار رکھنے کے لیے نہایت ضروری ہیں۔