کراچی – محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ جمعہ 30 اگست سے کراچی میں ایک اور بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا جو 2 ستمبر تک جاری رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کی تازہ ایڈوائزری میں شہری اداروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ اس دوران شہری سیلاب (Urban Flooding) کا خطرہ موجود ہے۔ محکمے کے مطابق اسلام آباد میں 29 اگست سے 2 ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ پنجاب کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع— بشمول لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، اٹک، جہلم اور چکوال — میں 30 اور 31 اگست کو موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔
یہ انتباہ ایک ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب صرف ایک ہفتہ قبل ہی کراچی شدید بارشوں کی لپیٹ میں آکر ڈوب گیا تھا۔ 200 ملی میٹر سے زائد بارش نے کئی علاقوں کو ندی نالوں کا منظر دے دیا تھا۔ متعدد مقامات پر ریسکیو ٹیموں کو کشتیوں کے ذریعے شہریوں کو نکالنا پڑا۔
گزشتہ بارشوں کے نتیجے میں کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات کے باعث کم از کم 15 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ جزوی سیلاب نے درجنوں خاندانوں کو بے روزگار کر دیا۔ بارش تھمے کئی دن گزرنے کے باوجود متعدد علاقے اب بھی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں جہاں بارش کا پانی گٹر کے ساتھ مل کر تعفن پھیلا رہا ہے۔ شہر کی سڑکیں بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور بجلی کی طویل بندش نے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ممکنہ مشکلات کے پیشِ نظر پیشگی تیاری کرلیں۔