وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں ایک جدید اور عالمی معیار کے ڈیجیٹل نظام کے قیام کی منظوری دے دی ہے
اسلام آباد میں آج ایف بی آر اصلاحات کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے، انہوں نے اس مقصد کے لیے عالمی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے کہا کہ خام مال کی پیداوار اور درآمد سے لے کر مصنوعات کی تیاری اور صارفین کی خریداری تک کا تمام ڈیٹا ایک مرکزی نظام میں مربوط ہونا چاہیے۔
وزیرِ اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ایسا مؤثر نظام بنایا جائے جو پوری ویلیو چین کو ڈیجیٹل طور پر براہِ راست مانیٹر کر سکے۔
انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ اس نظام کے تحت حاصل ہونے والا مرکزی ڈیٹا اسٹریٹجک معاشی فیصلوں کے لیے استعمال ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق صرف ٹیکس نیٹ کو وسعت دے کر اور غیر رسمی معیشت کا خاتمہ کر کے ہی عام آدمی پر ٹیکس کا بوجھ کم کیا جا سکتا ہے