کراچی – پاکستان فٹبال فیڈریشن (PFF) نے ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے نولبرٹو سولانو کو پاکستان کی سینئر اور انڈر-23 ٹیموں کا ہیڈ کوچ اور جارج کاسٹانیرا کو اسسٹنٹ کوچ مقرر کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ PFF ایگزیکٹو کمیٹی کے ووٹ کے بعد کیا گیا، جہاں 13 میں سے 7 اراکین نے منظوری دی، جبکہ 6 اراکین نے مخالفت کی۔
48 سالہ نولبرٹو سولانو کا تعلق پیرو سے ہے اور وہ ایک تجربہ کار کھلاڑی اور کوچ ہیں۔ ان کے پاس فیفا کونمبول پرو لائسنس ہے اور وہ 2018 ورلڈ کپ (روس) اور 2022 ورلڈ کپ کوالیفائرز میں پیرو کی قومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ رہے ہیں۔ ان کی قیادت میں پیرو نے 2021 کوپا امریکہ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی۔
کھلاڑی کی حیثیت سے، سولانو نے پیرو کے لیے 95 میچز میں 20 گول اسکور کیے۔ وہ نیوکاسل یونائیٹڈ، ایسٹن ولا اور بوکا جونیئرز جیسے مشہور کلبز میں بھی کھیل چکے ہیں۔
ان کے ساتھ جارج کاسٹانیرا اسسٹنٹ کوچ ہوں گے، جو ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے تجربہ کار فٹنس اور ٹیکنیکل کوچ ہیں۔ وہ 2002 ورلڈ کپ کوالیفائرز میں وینزویلا کی قومی ٹیم کے ساتھ کام کر چکے ہیں اور جنوبی امریکا اور مشرق وسطیٰ کی کئی ٹیموں کی کامیابیوں میں حصہ لے چکے ہیں۔
کاسٹانیرا نے فٹبال کوچنگ پر تین کتابیں بھی لکھی ہیں جن کا محور اسپیڈ، پریسیژن، اور انیروبک پرفارمنس ہے۔ ان کی کوچنگ میں راس الخیمہ کلب نے 2010 میں UAE فرسٹ ڈویژن کپ جیتا تھا۔
یہ دونوں کوچز ایک سال کے معاہدے پر پاکستان فٹبال ٹیم سے وابستہ ہوں گے۔ ان کا پہلا ہدف کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور نوجوان ٹیلنٹ کی تربیت ہے۔ سب سے پہلا چیلنج ہوگا 2026 AFC انڈر-23 ایشین کپ کوالیفائرز کی تیاری۔
جیونیوز کے مطابق، دونوں کوچز پاکستان آنے پر رضامند ہو چکے ہیں، اور ان سے باضابطہ معاہدہ اس ہفتے سائن کر لیا جائے گا۔