تہران: ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے مضبوط تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور حالیہ اسرائیلی جارحیت کے دوران اسلام آباد کی غیر متزلزل حمایت کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔
یہ بات انہوں نے منگل کو تہران میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران کہی۔ صدر پزشکیان نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ “صہیونی حکومت مسلم ممالک کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں اسلامی ممالک کا اتحاد اور باہمی ہم آہنگی ناگزیر ہے۔
ایرانی صدر نے پاکستان اور ایران کے موجودہ دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط اور تعمیری مکالمے سے تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون بڑھانے کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر کو حالیہ جنگ میں “ایران کی عظیم فتح” پر مبارکباد دی اور اسرائیلی حملوں کیخلاف پاکستان کے دوٹوک مؤقف کو دہرایا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے ہر بین الاقوامی فورم پر اسرائیلی جارحیت کی کھل کر مذمت کی۔ “پاکستان کی پارلیمنٹ وہ پہلی پارلیمان تھی جس نے ایران پر مسلط کی گئی اس جنگ کیخلاف مذمتی قرارداد منظور کی اور ایران کے حقِ دفاع کو جائز قرار دیا۔”