روم:
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ دہائی میں اٹلی چھوڑنے والے شہریوں اور وہاں آنے والے غیرملکیوں کی تعداد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، جس نے ملک میں دماغی اخراج (brain drain)، معاشی زوال اور امیگریشن پر خدشات کو جنم دیا ہے۔
2022 میں منتخب ہونے والی اٹلی کی دائیں بازو حکومت نے مہاجرین کی آمد پر پابندی کی مہم کے تحت اقتدار حاصل کیا، تاہم ملک کی گرتی ہوئی آبادی اور بڑھتی ہوئی لیبر کی کمی غیرملکی ورکرز کی ضرورت کو اجاگر کرتی ہے۔
2024 میں، 382,071 غیرملکی اٹلی آئے، جب کہ 155,732 اطالوی شہری ملک چھوڑ گئے — دونوں اعداد و شمار 2014 کے بعد سب سے زیادہ ہیں۔
2023–2024 کے دوران تقریباً 270,000 اطالوی شہری ملک سے چلے گئے — جو پچھلے دو سالوں کی نسبت 40 فیصد زیادہ ہے۔
اسی مدت میں 760,000 غیرملکی آئے — جو 31 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
یوکرینی باشندے سب سے زیادہ تعداد میں آئے، اس کے بعد البانوی، بنگلہ دیشی، مراکشی، رومانین، مصری، پاکستانی، ارجنٹائنی اور تیونسی شامل تھے۔