پاکستان کا عالمی برادری سے مطالبہ: غزہ میں اسرائیلی مظالم کا فوری نوٹس لیا جائے

نیویارک – 17 جولائی 2025:
پاکستان نے اقوامِ متحدہ میں عالمی برادری سے پُرزور اپیل کی ہے کہ وہ غزہ میں اسرائیلی مظالم پر خاموشی توڑ کر فوری اقدامات کرے، جہاں انسانی بحران سنگین تر ہوتا جا رہا ہے۔

اقوامِ متحدہ میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر ہونے والے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے، پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار نے غزہ میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے اسرائیل کی جانب سے اقوامِ متحدہ کی امدادی ایجنسیوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اب فلسطینی صرف بمباری سے نہیں بلکہ بھوک سے بھی مر رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ "یہ صورتحال ایک مکمل انسانی المیے کی شکل اختیار کر رہی ہے۔”

سفیر عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ خوراک اور ایندھن کی فراہمی بند ہونے سے غزہ کی آبادی زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہو چکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر امدادی سامان کی رسائی بحال کی جائے۔ ان کا کہنا تھا، "خوراک اور دوا کی فراہمی یقینی بنانا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔”

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن صرف اسی صورت ممکن ہے جب اسرائیلی قبضے کا خاتمہ کیا جائے۔
سفیر عاصم نے عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی کے لیے ٹھوس اقدامات کریں، قبل اس کے کہ صورتحال مکمل طور پر قابو سے باہر ہو جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ "دنیا مزید دیر تک یہ تماشا نہیں دیکھ سکتی کہ غزہ کو بھوک سے مٹایا جا رہا ہے۔”

انہوں نے فرانس اور سعودی عرب کی جانب سے فلسطین کے مسئلے پر ہونے والی کانفرنس کو "امید کی کرن” قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہو سکتی ہے۔ اپنے خطاب کے اختتام پر سفیر عاصم افتخار نے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ وہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر کی حیثیت سے مسئلہ فلسطین کو عالمی ایوانوں میں اجاگر کرتے رہیں گے۔

More From Author

کراچی میں 19 جولائی کو گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

چناب ڈیم کی جانب حکومتی نظر؛ آئی ایم ایف نے 1 فیصد واٹر سیس کی تجویز مسترد کر دی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے