بیجنگ: وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ کی قیادت کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے دنیا بھر میں تقریباً 80 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا اور ترقی و استحکام کی ایک شاندار مثال قائم کی ہے۔
بیجنگ میں اپنے سرکاری دورے کے دوران وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ سے اعلیٰ سطح کی ملاقات کی۔ اس موقع پر آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزراء احسن اقبال، عطا اللہ تارڑ اور محسن نقوی بھی وفد کا حصہ تھے۔
ملاقات میں خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر شی جن پنگ کے وژن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’’طاقت اور استحکام کی علامت‘‘ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (BRI) جیسے منصوبے دونوں ممالک کے مشترکہ ترقیاتی عزم کی واضح مثال ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’’پاکستان کے 20 کروڑ سے زائد عوام چین کی دوستی کو دل سے قریب اور انتہائی قیمتی سمجھتے ہیں۔‘‘
دورۂ چین کے دوران وزیراعظم شہباز شریف روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ فسطائیت کے خلاف جدوجہد کی 80 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت اور پاک-چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے تاکہ سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ ایک روز قبل وزیراعظم شہباز شریف نے تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے اجلاس سے خطاب کیا، جہاں انہوں نے صدر شی جن پنگ کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور ازبکستان و کرغزستان کو یومِ آزادی کی مبارکباد بھی دی۔