کراچی – 25 ستمبر 2025: انسدادِ دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) کراچی نے بھارتی خفیہ ایجنسی "را” کے مبینہ ایجنٹ سلیم کو دھماکہ خیز مواد اور غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں مجرم قرار دیتے ہوئے 114 سال قید کی سزا سنا دی۔
عدالتی کارروائی کے مطابق، ملزم سلیم کو اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے کراچی کے ماڑی پور علاقے سے گرفتار کیا تھا، جہاں سے دستی بم، اوان بم، لانچر اور دیگر غیرقانونی ہتھیار برآمد ہوئے۔ عدالت نے ملزم کی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے اسے فوری طور پر جیل بھیجنے کا حکم دیا اور ساتھ ہی ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔
تفتیش کے دوران سلیم نے اعتراف کیا کہ اس کے تعلقات بھارتی خفیہ ایجنسی "را” سے ہیں اور وہ 2012 سے 2014 کے درمیان تین بار بھارت کا سفر کر چکا ہے۔ تحقیقاتی اداروں نے مزید بتایا کہ وہ 1989 میں غیرقانونی طور پر بھارت سے پاکستان آیا تھا اور یہاں جعلی طریقے سے پاکستانی شناختی دستاویزات اور پاسپورٹ حاصل کیے۔ گرفتاری کے وقت اس کے قبضے سے چار پاکستانی پاسپورٹ بھی برآمد ہوئے۔
استغاثہ کے مطابق، سلیم نے یہ بھی بتایا کہ وہ ماضی میں بھارتی ریاست گجرات میں رکشہ چلاتا تھا، جہاں سے اسے بھرتی کیا گیا۔ عدالت کا یہ فیصلہ نہ صرف جرم کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے بلکہ سرحد پار سے خفیہ سرگرمیوں پر موجود خدشات کی بھی تصدیق کرتا ہے۔