اسلام آباد: بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے پاکستان میں جاری تباہ کن مون سون بارشوں اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے 10 لاکھ ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ رقم عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ذریعے فراہم کی جائے گی تاکہ متاثرہ علاقوں میں سب سے زیادہ ضرورت مند آبادی تک طبی سہولیات پہنچائی جا سکیں۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق، یہ فنڈنگ پاکستان کے ساتھ ادارے کی شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گی اور خیبر پختونخوا، سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے 33 انتہائی متاثرہ اضلاع میں استعمال ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد ساڑھے چار لاکھ سے زائد افراد کی صحت کی ضروریات پوری کرنا ہے، جو اب بھی شدید خطرات سے دوچار ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس امداد کے ذریعے قومی اور صوبائی سطح پر متعلقہ ادارے بنیادی اور ہنگامی طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنا سکیں گے۔ اس میں ہنگامی علاج، زچہ و بچہ کی دیکھ بھال اور بیماریوں سے بچاؤ کے اقدامات شامل ہیں، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں صحت کا بنیادی ڈھانچہ شدید متاثر ہوا ہے۔
یہ امداد ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے بعد پانی اور مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں جیسے ہیضہ، ڈینگی اور ملیریا کے کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
گیٹس فاؤنڈیشن، جو طویل عرصے سے پاکستان میں صحت اور ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کرتی رہی ہے، نے ایک بار پھر اپنی یہ وابستگی دہرا دی ہے کہ وہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے خطرات کے مقابلے میں زیادہ مستحکم بنانے میں کردار ادا کرے گی۔