اسلام آباد – گوگل نے پاکستان میں اپنے طویل عرصے سے منتظر ’’اے آئی پلس پلان‘‘ کا باضابطہ آغاز کردیا ہے، جس کا مقصد صارفین کو جدید مصنوعی ذہانت (AI) کے ٹولز سستی قیمت پر فراہم کرنا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اس سبسکرپشن پلان کے ذریعے صارفین اب نئی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں گے۔ پاکستانی صارفین کو Gemini 2.5 Pro تک رسائی حاصل ہوگی، جو گوگل کا جدید ترین اور پیچیدہ سوالات کو حل کرنے والا ماڈل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ Gemini ایپ میں بہتر امیج جنریشن اور ایڈیٹنگ فیچرز بھی شامل ہیں۔ پیکج میں Veo 3 Fast ویڈیو جنریشن ماڈل تک رسائی بھی دی گئی ہے، جو Gemini، Whisk اور Flow میں دستیاب ہوگا۔
اے آئی فیچرز کے ساتھ ساتھ یہ پلان گوگل کی دیگر سروسز کے ساتھ بھی منسلک ہے۔ سبسکرائبرز کو جی میل، ڈاکس اور شیٹس میں Gemini کا انضمام نظر آئے گا، جبکہ 200 جی بی کلاؤڈ اسٹوریج بھی گوگل فوٹوز، ڈرائیو اور جی میل کے لیے فراہم کی جائے گی۔
گوگل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر، فرحان قریشی نے اس موقع پر کہا:
’’پاکستان کا ڈیجیٹل منظرنامہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور ہمیں یہ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستانی عوام کس طرح اے آئی ٹولز کو اپنا رہے ہیں۔ اے آئی پلس کے ذریعے ہم ان ٹیکنالوجیز کو مزید قابلِ رسائی بنا رہے ہیں تاکہ ملک بھر میں تخلیقی صلاحیت، پروڈکٹیوٹی اور لرننگ کو فروغ دیا جا سکے۔‘‘
یہ پلان خاندانی سبسکرپشن کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے، جس کے تحت پانچ اضافی افراد بھی ایک ہی اکاؤنٹ پر انہی فیچرز اور کلاؤڈ اسٹوریج سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
گوگل نے اس سبسکرپشن کی ماہانہ فیس 1,400 روپے مقرر کی ہے۔ تاہم، ایک خصوصی پروموشنل آفر کے تحت نئے صارفین کو ابتدائی چھ ماہ تک 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام گوگل کی پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں طویل المدتی وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔ جدید ٹیکنالوجیز کو کم قیمت پر پیش کر کے، گوگل اے آئی پلس پلان کے ذریعے افراد، خاندانوں اور کاروباروں کو اس قابل بنانا چاہتا ہے کہ وہ ڈیجیٹل انوویشن کی نئی لہر سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔