دنیا کے معروف فٹبالر لائینل میسی نے مبینہ طور پر سعودی پروفیشنل لیگ میں کھیلنے کی پیشکش قبول کر لی ہے، تاہم یہ تاحال واضح نہیں ہو سکا کہ وہ کس کلب کی نمائندگی کریں گے۔ غیر ملکی ذرائع کے مطابق مذاکرات تیزی سے جاری ہیں اور سعودی عرب کے کئی بڑے فٹبال کلب میسی کو اپنی ٹیم میں شامل کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میسی اس پیشکش پر "کھلے دل سے غور کرنے” کو تیار ہیں اور اس فیصلے سے سعودی عرب کی فٹبال سرگرمیوں میں ایک اور بڑا اضافہ متوقع ہے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب میسی کا انٹر میامی کے ساتھ امریکی فٹبال کا تجربہ ملا جلا رہا، اور دنیا بھر کے مداح اُن کے اگلے قدم کے حوالے سے بے چینی سے منتظر تھے۔
دوسری جانب، میسی کے دیرینہ حریف اور پرتگالی سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب میں اپنی موجودگی کو مزید مستحکم کرتے ہوئے 2027 تک النصر کلب کے ساتھ اپنا معاہدہ بڑھا دیا ہے۔
رونالڈو، جو 2022 میں مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھوڑ کر سعودی عرب آئے تھے، گزشتہ سیزن میں 25 گولز کے ساتھ لیگ کے ٹاپ اسکورر رہے۔ انہوں نے معاہدے کی توثیق کے بعد سوشل میڈیا پر لکھا: "ایک نیا باب، وہی جذبہ، وہی خواب — آئیے مل کر تاریخ رقم کریں!”
یہ معاہدہ سعودی فٹبال کے توسیعی منصوبوں میں رونالڈو کے مرکزی کردار کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ وہ اب بھی دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑی ہیں، جن کی سالانہ آمدنی فوربز کے مطابق تقریباً 275 ملین ڈالر ہے۔
اگرچہ رونالڈو کی عمر 40 کے قریب ہے، لیکن ان کی کارکردگی میں کوئی کمی نظر نہیں آتی۔ حال ہی میں انہوں نے پرتگال کو اسپین کے خلاف شاندار فتح دلا کر دوسری بار یوئیفا نیشنز لیگ کا ٹائٹل جتوایا۔ وہ اپنے کیریئر میں 1,000 گولز کا ہدف بھی حاصل کرنا چاہتے ہیں — اب تک وہ 932 گول کر چکے ہیں جن میں 794 کلب فٹبال اور 138 قومی ٹیم کے لیے ہیں۔
اگر میسی سعودی لیگ میں شامل ہو جاتے ہیں تو دنیا بھر کے مداحوں کو ایک بار پھر فٹبال کی تاریخ کے سب سے بڑے مقابلے — میسی بمقابلہ رونالڈو — کا نیا باب مشرق وسطیٰ کے میدانوں میں دیکھنے کو ملے گا۔