کراچی کا موسم بہتر، سمندری ہوائیں بحال، ہلکی بوندا باندی کا امکان

کراچی (یکم ستمبر 2025): کئی روز کی گھٹن اور حبس کے بعد کراچی کے باسیوں کو بالآخر کچھ ریلیف ملا ہے۔ پیر کو سمندری ہواؤں کی بحالی نے موسم خوشگوار کردیا، جس کے باعث درجہ حرارت میں کمی آئی ہے۔ تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق 30 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے والا درجہ حرارت نمی کے باعث زیادہ محسوس ہوگا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں تک کراچی کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ شام یا رات کے وقت ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔ تاہم ادارے نے واضح کیا ہے کہ اس ہفتے شہر میں کسی بڑی بارش کا امکان نہیں ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور گرج چمک بھی متوقع ہے۔ درجہ حرارت 33 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے نشیبی علاقوں میں شدید بارش کی صورت میں شہری سیلاب کا خطرہ ہے۔

پنجاب کے مختلف اضلاع، خصوصاً لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی موسلادھار بارش اور طوفانی ہواؤں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ مری اور گلیات سمیت شمال مشرقی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات ہیں جو ٹریفک کی روانی متاثر کرسکتے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں بھی کئی مقامات پر بارش متوقع ہے، جبکہ دیر، سوات اور مانسہرہ میں زیادہ بارش کا امکان ہے۔ پشاور، نوشہرہ اور مردان کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔ سندھ کے اضلاع سانگھڑ، گھوٹکی، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں رات کے وقت بارش ہوسکتی ہے، جبکہ بلوچستان کے علاقوں ژوب، موسیٰ خیل اور بارکھان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔ کشمیر میں بھی تیز ہواؤں اور وقفے وقفے سے شدید بارش کا امکان ہے۔

کراچی کا موسم قدرے بہتر ضرور ہوا ہے، تاہم ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشیں اب بھی خطرات لیے ہوئے ہیں اور حکام نے شہریوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

More From Author

بھارت کا نیا سیلابی الرٹ، پنجاب میں ہائی الرٹ جاری

گلگت بلتستان میں آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر تباہ، پانچ اہلکار شہید

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے