راولپنڈی — آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جمعہ کے روز اقلیتوں کے حقوق اور ان کی عبادت گاہوں کے تحفظ کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ تمام مذہبی مقامات کو ان کی اصل حالت میں بحال کیا جائے گا، جن میں سکھ برادری کا مقدس مقام کرتارپور دربار صاحب گردوارہ بھی شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں سیالکوٹ سیکٹر، شکرگڑھ، نارووال اور کرتارپور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور متوقع بارشوں سے نمٹنے کی تیاریوں پر بریفنگ لی۔
کرتارپور دربار صاحب، جو سکھ مذہب کے مقدس ترین مقامات میں شمار ہوتا ہے اور جسے بابا گورونانک دیو جی کا آخری آرام گاہ سمجھا جاتا ہے، حالیہ دنوں میں دریائے راوی کے طغیانی کے باعث بری طرح متاثر ہوا۔ اطلاعات کے مطابق گردوارے کے اندر پانی کی سطح چار فٹ تک جا پہنچی، تاہم حکام نے تصدیق کی کہ گرو گرنتھ صاحب جی کا سروپ اور رضاکار بروقت اوپر کی منزل پر منتقل کر دیے گئے تھے۔
سیلاب کے باعث کرتارپور راہداری کو بھی عارضی طور پر بند کرنا پڑا، جو پاکستان اور بھارت کے ضلع گرداسپور کو ملاتی ہے۔ بھارتی حکام کے مطابق راہداری کے کئی حصے زیرِ آب آنے کی وجہ سے یاتریوں کی آمدورفت معطل ہوگئی۔
سکھ برادری کے وفد سے ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل منیر نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کے مذہبی مقامات کی بحالی کو اولین ترجیح دے گی۔
“اقلیتوں اور ان کی عبادت گاہوں کا تحفظ ریاست اور اس کے اداروں کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان اس ذمہ داری کو نبھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا،” آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کے الفاظ۔
سکھ برادری نے آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا اور سول انتظامیہ و پاک فوج کی جانب سے کیے گئے امدادی کاموں پر اظہارِ تشکر کیا۔
علاقائی حکام سے گفتگو میں جنرل منیر نے کہا کہ بروقت ردعمل اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی کے باعث جانی و مالی نقصان کو کم سے کم رکھنے میں مدد ملی۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا اور کرتارپور صاحب سمیت مختلف مقامات پر سول اداروں اور فوجی جوانوں کی “انتھک اور مشترکہ کاوشوں” کو سراہا۔ اس سے قبل آرمی چیف کو گوجرانوالہ کور کمانڈر نے خوش آمدید کہا