عوامی صحت کے تحفظ کیلئے ایک اہم اقدام کے تحت وفاقی کابینہ نے جان بچانے والی ادویات کی درآمد پر استثنیٰ میں پانچ سال کی توسیع کی منظوری دے دی ہے۔ یہ ادویات خاص طور پر کینسر اور دل کے امراض کے علاج میں استعمال ہوتی ہیں۔
یہ منظوری بدھ کے روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ ادویات مریضوں کی زندگیاں بچانے اور ملک بھر میں علاج کے تسلسل کو یقینی بنانے کیلئے ناگزیر ہیں۔
نظرثانی شدہ پالیسی کے تحت، یہ درآمد شدہ ادویات صرف ہسپتالوں اور متعلقہ طبی اداروں کے ذریعے تقسیم کی جائیں گی جبکہ ان کی ریٹیل مارکیٹ میں فروخت پر پابندی برقرار رہے گی۔ ادویات کی درآمد سے قبل متعلقہ لائسنسنگ اتھارٹی سے اجازت لینا لازمی ہوگا۔
ای او بی آئی پنشن میں اضافہ منظور
کابینہ نے بزرگ شہریوں کیلئے ایک اور اہم فیصلہ کرتے ہوئے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کی پنشن میں 15 فیصد اضافے کی بھی منظوری دی ہے، جو رواں سال جنوری سے لاگو ہوگا۔ حکام کے مطابق اس اضافے کے اخراجات ادارہ اپنے وسائل سے پورے کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ای او بی آئی میں ادارہ جاتی اصلاحات کیلئے کابینہ کمیٹی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔