کراچی – کراچی کے علاقے موسٰی کالونی میں پولیس اور سندھ فوڈ اتھارٹی (SFA) کی مشترکہ کارروائی کے دوران مردہ مرغیوں کے گوشت کا ایک بڑا ذخیرہ برآمد ہوا ہے۔ یہ کارروائی اتوار کے روز خفیہ اطلاع پر کی گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق تقریباً 80 کلوگرام مردہ مرغیوں کا گوشت برآمد کیا گیا جو مبینہ طور پر شہر کے مختلف ہوٹلوں، بریانی سینٹروں اور کھانے پینے کے دیگر مقامات پر سپلائی کیا جا رہا تھا۔
پولیس کے مطابق کارروائی اس وقت کی گئی جب اطلاع ملی کہ ایک گودام میں مردہ مرغیوں کا گوشت ذخیرہ کیا جا رہا ہے۔ گلبرگ تھانے کی پولیس ٹیم نے سندھ فوڈ اتھارٹی کے اہلکاروں کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دو مشتبہ افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا، جو یہ گوشت مختلف علاقوں میں بھیجنے کی تیاری کر رہے تھے۔
پولیس نے گرفتار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ حکام نے اس مکروہ دھندے میں ملوث دیگر عناصر کی تلاش کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
سندھ فوڈ اتھارٹی کے عہدیداران نے اس واقعے کو عوامی صحت کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مردہ مرغیوں کے گوشت کی فروخت شہریوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے کے مترادف ہے۔ ادارے نے اعلان کیا ہے کہ وہ شہر بھر میں کھانے پینے کے مراکز کی سخت نگرانی کرے گا تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔