کراچی میں ٹماٹر کی قیمتوں نے مرغی کا گوشت بھی پیچھے چھوڑ دیا

کراچی: شہرِ قائد میں مہنگائی نے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے، جہاں ٹماٹر کی قیمتیں مرغی کے گوشت سے بھی تجاوز کر گئی ہیں۔ مختلف بازاروں میں ٹماٹر 450 سے 550 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں، جب کہ مرغی کا گوشت تقریباً 450 روپے فی کلو دستیاب ہے۔

سرکاری نرخ نامے کے مطابق ٹماٹر 280 روپے فی کلو فروخت ہونا چاہیے، مگر بیشتر دکاندار اور ریڑھی والے حکومت کی مقرر کردہ قیمتوں کو خاطر میں نہیں لا رہے۔ سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ تھوک منڈی میں ریٹ بہت زیادہ بڑھ چکے ہیں، اس لیے سرکاری نرخ پر فروخت ممکن نہیں۔

گلشنِ اقبال کے اتوار بازار میں موجود ایک دکاندار نے بتایا، “ہم خود مہنگا خرید رہے ہیں، اگر 280 روپے میں بیچیں تو نقصان اٹھانا پڑے گا۔”

تاجروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجوہات پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ کھیت، سندھ کی فصل کی تاخیر، اور افغانستان سے ٹماٹر کی درآمد میں رکاوٹ ہیں۔ ان کے مطابق کراچی کی موجودہ طلب کا تقریباً 90 فیصد حصہ ایرانی درآمدات سے پورا کیا جا رہا ہے، مگر اس کے باوجود شہر میں قلت برقرار ہے۔

جن شہریوں نے سستے داموں سبزیاں حاصل کرنے کے لیے بچت بازاروں کا رخ کیا، وہ بھی مایوس واپس لوٹے، کیونکہ وہاں بھی قیمتیں عام مارکیٹ کے برابر تھیں۔ ایک خریدار نے شکوہ کیا، “اب تو کوئی فرق ہی نہیں رہا، چاہے بازار چلے جائیں یا اتوار بازار، ہر جگہ ریٹ آسمان کو چھو رہے ہیں۔”

دوسری جانب بچت بازاروں کی انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں، کئی اسٹال سیل اور جرمانے کیے گئے ہیں۔ تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومتی اقدامات صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہیں کیونکہ قیمتوں میں کوئی واضح کمی نظر نہیں آ رہی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر صورتِ حال پر قابو نہ پایا گیا تو عام گھروں کے لیے روزمرہ کی سبزیاں بھی پہنچ سے باہر ہو جائیں گی، جو مہنگائی کے ستائے شہریوں کے لیے ایک اور بڑا دھچکا ہوگا۔

More From Author

کراچی میں ہیوی وہیکلز کے حادثات میں دو موٹر سائیکل سوار جاں بحق

کراچی میں مردہ مرغیوں کا گوشت برآمد، دو افراد گرفتار

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے