اسلام آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم نے اعلان کیا ہے کہ ایشیا کپ فائنل کی اپنی میچ فیس وہ 7 مئی کے بھارتی حملے میں جاں بحق ہونے والے معصوم شہریوں کے نام وقف کرے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پیر کے روز کہا کہ اس فیصلے کے ذریعے کھلاڑی متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا چاہتے ہیں، جبکہ ایونٹ کے اختتام کے بعد بھی سیاسی کشیدگی کھیل پر سایہ فگن رہی۔
اتوار کی شب دبئی میں کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میں بھارت نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ تاہم ٹرافی کی تقریب میں اس وقت تنازع کھڑا ہوگیا جب بھارتی ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر اور پی سی بی چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا۔ بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے بعد ازاں پریس کانفرنس میں کہا کہ ٹیم کو ٹرافی "نہیں دی گئی”، جبکہ پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے بھارتی رویے کو "کرکٹ کی توہین” قرار دیا۔
ایشیا کپ کا ماحول ابتدا ہی سے کشیدگی کا شکار رہا۔ یہ دونوں حریف پہلی بار اس ٹورنامنٹ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئے تھے جب کہ رواں برس مئی میں دونوں ملک مختصر مگر شدید فوجی جھڑپ میں الجھ چکے تھے۔ اس دوران دونوں جانب 70 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ جھڑپ کا آغاز 7 مئی کو اس وقت ہوا جب بھارت نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے مختلف مقامات پر میزائل اور فضائی حملے کیے۔ نئی دہلی نے دعویٰ کیا کہ اس نے عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا، مگر اسلام آباد نے اسے بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ صرف بے گناہ شہری جاں بحق ہوئے۔ پاکستان نے اسی رات چھ بھارتی لڑاکا طیارے مار گرانے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔
پی سی بی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بیان میں کہا:
“پاکستان کرکٹ ٹیم نے اپنی ایشیا کپ فائنل میچ فیس اُن معصوم شہدا کے نام کر دی ہے جو 7 مئی کے حملے میں جاں بحق ہوئے، جن میں بچے بھی شامل تھے۔ ہماری دعائیں اور ہمدردیاں اُن کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔”
بھارت کی جانب سے ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ پہلے ہی متوقع تھا۔ اس سے قبل بھی تینوں میچز میں بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی ٹیم سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا تھا۔ پاکستانی کوچ مائیک ہیسن اور کپتان آغا نے اس رویے پر بھارت کو تنقید کا نشانہ بنایا، مگر بھارتی ٹیم اپنے مؤقف پر ڈٹی رہی۔ سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں صورتحال مزید بگڑ گئی، جس میں کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران بھارتی کپتان سوریا کمار یادو اور پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف پر میچ فیس کا جرمانہ عائد کیا گیا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری دیوجیت سائیکیا نے خبر رساں ادارے اے این آئی کو بتایا کہ ٹیم نے جان بوجھ کر نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کیا کیونکہ وہ “پاکستان کے بڑے رہنماؤں میں سے ایک ہیں۔”
انہوں نے کہا: “اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ صاحب ٹرافی اور میڈلز اپنے ساتھ لے جائیں۔ یہ انتہائی افسوسناک ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ ٹرافی اور میڈلز جلد از جلد بھارت کو واپس مل جائیں گے۔”
سائیکیا نے مزید کہا کہ بی سی سی آئی آئندہ آئی سی سی کانفرنس، جو دبئی میں ہوگی، میں نقوی کے رویے کے خلاف “سخت اور سنجیدہ احتجاج” ریکارڈ کرائے گا۔