کراچی: ڈکیتی کی مزاحمت پر شہری قتل

کراچی – شہرِ قائد میں مسلح ڈکیتی اور فائرنگ کے واقعات نہ تھم سکے۔ گلشنِ حدید میں ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گھر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک شہری کو قتل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت راؤ جاوید کے نام سے ہوئی ہے۔ اہلِ خانہ نے بتایا کہ ملزمان گھر میں گھس آئے، سب کو یرغمال بنایا اور قیمتی موبائل فون، زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔ مقتول کی لاش اسپتال منتقل کر دی گئی جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ادھر پولیس نے دھوراجی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کیا جو ایک کپڑے کے تاجر سے 3 کروڑ روپے بھتہ مانگ رہے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب کورنگی سیکٹر 36 جی میں ایک شہری نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو ڈاکوؤں کو قابو کر لیا۔ پولیس کے مطابق شہری نے ڈاکوؤں کو موٹر سائیکل سے گرا کر ان کا اسلحہ چھین لیا اور فائرنگ کر دی۔ نتیجے میں ایک ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب رہا۔

شہر کے مختلف علاقوں میں بھی فائرنگ کے الگ الگ واقعات پیش آئے۔ ناظم آباد نمبر 3 میں زبیر نامی شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول سے کچھ نہیں چھینا گیا۔ شیرشاہ میں ایک نامعلوم شخص فائرنگ سے جاں بحق ہوا، جبکہ لانڈھی میں بھی ایک شہری کو نشانہ بنایا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام واقعات کی تحقیقات جاری ہیں اور ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہر واقعہ ڈکیتی سے متعلق نہیں تھا۔

More From Author

پاکستانیوں کا ذاتی ڈیٹا ڈارک ویب پر برائے فروخت، پی ٹی اے چیئرمین کا انکشاف

کراچی کے میئر کی گرین اور ریڈ لائن منصوبوں میں تاخیر پر شدید تشویش

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے