اے این ایف کی ملک گیر کارروائیاں، 4 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

راولپنڈی، 13 ستمبر 2025 — انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک بھر میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرتے ہوئے مختلف کارروائیوں کے دوران 4 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلیں۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق مختلف شہروں میں پانچ الگ الگ آپریشن کیے گئے جن میں سات ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور مجموعی طور پر 210 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد ہوئیں۔

کراچی کی سبزی منڈی کے قریب ایک ٹرک کو روک کر 13 کلو آئس اور 60 کلو چرس برآمد کی گئی، جبکہ موقع پر دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح لاہور کے برکی روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو موٹرسائیکل سمیت گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے ایک کلو ہیروئن اور دو کلو چرس ملی۔

مزید برآں، کراچی کے سہراب گوٹھ کے قریب دو مسافروں سے دو کلو ہیروئن اور دو کلو آئس برآمد کی گئی۔ تربت کے قریب ایک بڑی کارروائی میں گاڑی سے 104 کلو آئس پکڑی گئی جبکہ کوئٹہ کے ہزار گنجی علاقے سے 26 کلو آئس برآمد ہوئی۔

ترجمان کے مطابق تمام کارروائیوں میں انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کو بے نقاب کیا جاسکے۔

More From Author

امریکا کے لیے پی آئی اے پروازوں کی بحالی کی امیدیں روشن

امریکی انتباہ: غیر ملکیوں کے ویزے نفرت اور تشدد کو فروغ دینے پر منسوخ کر دیے جائیں گے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے