کراچی
کراچی میں آج گرمی کی شدت اپنے عروج پر پہنچنے والی ہے، جہاں "محسوس ہونے والا” درجہ حرارت 43 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، حالانکہ اصل درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات (PMD) کے مطابق سندھ کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی اور خشک موسم آج بھی برقرار رہے گا، جبکہ کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں سمندری ہوا کی بندش کا سلسلہ آئندہ چند دنوں تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے گرمی کی شدت مزید بڑھ جائے گی۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال بھارت کے گجرات ریجن میں ہواؤں کے دائرے اور مغربی سسٹم کے اثرات کے باعث پیدا ہوئی ہے، جو کراچی میں گرمی کی شدت بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
تاہم، ایک اچھی خبر یہ ہے کہ ہفتہ کی شام سے سندھ کے مشرقی علاقوں — خصوصاً تھرپارکر اور عمرکوٹ — میں پری مون سون سسٹم اثر انداز ہونا شروع ہو سکتا ہے۔ ان علاقوں میں بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ طوفان متوقع ہیں۔
اتوار کو گھوٹکی، سکھر، جیکب آباد اور آس پاس کے علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ گجرات ریجن کی ہوائیں آنے والے دنوں میں سندھ میں مون سون کی ابتدائی سرگرمیوں کو مزید تیز کر سکتی ہیں۔
پاکستان کے دیگر حصوں میں بھی گرمی کی شدید لہر جاری ہے۔ لاہور میں جمعرات کو درجہ حرارت 44 ڈگری تک پہنچ گیا، جبکہ محسوس ہونے والا درجہ حرارت 47 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین اس کی وجہ مئی اور جون کے درمیان طویل خشک موسم کو قرار دے رہے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی شدید گرمی کا راج ہے۔ پشاور میں درجہ حرارت 40 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو بڑھ کر 44 ڈگری تک جا سکتا ہے۔ شہر میں نمی کا تناسب 52 فیصد رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے میں درجہ حرارت معمول سے 6 سے 7 ڈگری زیادہ ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں میں بھی درجہ حرارت 47 ڈگری تک پہنچ گیا۔
چولستان کے ریگستانی علاقوں میں درجہ حرارت 48 ڈگری کے قریب پہنچ چکا ہے اور جنوبی پنجاب میں آئندہ دو دنوں تک شدید گرمی جاری رہنے کی توقع ہے۔ مقامی رپورٹس کے مطابق، چولستان میں پانی کے ذخائر خشک ہو چکے ہیں جس سے مال مویشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی علاقوں میں جانوروں کی ہلاکتیں اور کنویں خشک ہونے کی وجہ سے لوگوں کی نقل مکانی کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں