شہرِ قائد میں رات کے وقت اسٹریٹ کرائمز ایک بار پھر بے قابو ہوتے جا رہے ہیں، خاص طور پر نئی تعمیر شدہ شاہراہِ بھٹو (ملیر ایکسپریس وے) پر۔ مسلح ڈاکوؤں کے گروہ اس سڑک پر مختلف رکاوٹیں، جیسے لکڑیاں یا دیگر چیزیں، رکھ کر گاڑیوں کو زبردستی روکنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ انہیں لوٹا جا سکے۔
ایسا ہی ایک واقعہ حال ہی میں پیش آیا جہاں ڈاکوؤں نے ایک شہری کی گاڑی کو روک کر لوٹنے کی کوشش کی، مگر شہری نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے اپنی لائسنس یافتہ پستول سے فائرنگ کی اور ڈاکوؤں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔
واقعے کے بعد علاقہ پولیس کو اطلاع دی گئی، لیکن افسوس کہ پولیس کئی گھنٹے بعد جائے وقوعہ پر پہنچی۔
اس واردات سے محفوظ رہنے والے شہری نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں اُس نے پوری صورتحال بیان کی۔ اس کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کیں تاکہ گاڑیاں رک جائیں، اور جیسے ہی کوئی گاڑی رُکتی ہے، مسلح افراد اچانک نکل کر موبائل فون، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیتے ہیں۔
شہری نے اپیل کی کہ شاہراہِ بھٹو پر پولیس گشت کو بڑھایا جائے تاکہ مزید لوگ اس طرح کی وارداتوں کا شکار نہ ہوں۔ ساتھ ہی اُس نے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ رات کے وقت اس سڑک پر سفر کرنے سے گریز کریں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ مقام پر اب بھی ترقیاتی کام جاری ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ممکنہ طور پر قریبی آبادیوں سے تعلق رکھنے والے جرائم پیشہ افراد وہاں وارداتیں کر رہے ہیں۔ پولیس نے علاقے میں گشت بڑھا دیا ہے اور متاثرہ شہری سے رابطہ کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں