پاکستان آج ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ لانچ کرے گا

کراچی – 1 اگست 2025

پاکستان آج صبح اپنے جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کو خلا میں بھیجنے جا رہا ہے، جو نہ صرف ملکی خلائی تحقیق بلکہ قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں بھی ایک نمایاں پیش رفت ہے۔

پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے مطابق، یہ سیٹلائٹ چین کے شیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6:30 بجے سے 7:15 بجے کے درمیان خلا میں بھیجا جائے گا۔

یہ سیٹلائٹ زمین کا مشاہدہ کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے اور ملک میں سیلاب، زمینی کٹاؤ، زلزلے، گلیشیئرز کے پگھلاؤ اور جنگلات کی کٹائی جیسے قدرتی خطرات پر نظر رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ سپارکو کے حکام کا کہنا ہے کہ اس ٹیکنالوجی سے پاکستان کو قدرتی آفات کی بروقت پیشگی اطلاع دینے اور فوری ردِعمل کی صلاحیت میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔

تاہم، اس سیٹلائٹ کی افادیت صرف ہنگامی حالات تک محدود نہیں۔ یہ زرعی پیداوار کی نگرانی، شہری منصوبہ بندی، انفراسٹرکچر کی ترقی اور ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس کی نقشہ بندی میں بھی اہم معاون ثابت ہوگا۔ اس کے علاوہ، یہ سی پیک جیسے قومی نوعیت کے منصوبوں میں بھی مددگار ہوگا، خاص طور پر جغرافیائی خطرات کی نشاندہی اور وسائل کے بہتر انتظام میں۔

سپارکو کے مطابق، "یہ لانچ پاکستان کی نیشنل اسپیس پالیسی اور وژن 2047 کے مقاصد سے ہم آہنگ ہے، جس کا ہدف ملک کو خلائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی یافتہ اقوام کی صف میں لانا ہے۔”

حکام کا کہنا ہے کہ یہ سیٹلائٹ ماحولیاتی تبدیلیوں پر طویل المدتی نظر رکھنے میں بھی مدد دے گا — جو قومی منصوبہ بندی اور پائیدار ترقی کے لیے نہایت اہم عنصر ہے۔

دوسری جانب، بھارت کے خلائی ادارے "اسرو” (ISRO) نے بدھ کی شام اپنے سیٹلائٹ "نِسار” (NISAR) کو آندھرا پردیش کے سری ہری کوٹا میں واقع ستیہ دھون اسپیس سینٹر سے لانچ کیا۔ یہ سیٹلائٹ ماحولیاتی نظام، موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی خطرات کا مطالعہ کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ تاہم پاکستان کا یہ نیا سیٹلائٹ ملکی سطح پر تحقیقاتی سیٹلائٹ ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل سمجھا جا رہا ہے۔ سپارکو کا کہنا ہے کہ یہ مشن نہ صرف پاکستان کی پرامن خلائی سرگرمیوں کے عزم کا عکاس ہے بلکہ ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کے سفر کی ایک اور کامیاب جھلک بھی پیش کرتا ہے

More From Author

یکم اگست سے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے تک کمی کا امکان

عمران خان کو "انتہائی خراب حالات” میں رکھا جا رہا ہے، بیٹے قاسم خان کا انکشاف

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے