وفاقی حکومت نے قومی ہاکی ٹیم کی پرو لیگ میں شرکت کے لیے 25 کروڑ روپے کی منظوری دے دی

اسلام آباد، 25 اگست 2025 – وفاقی حکومت نے پاکستان ہاکی کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے 25 کروڑ روپے کے گرانٹ کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد قومی ٹیم کی پرو ہاکی لیگ میں شمولیت ممکن ہو گئی ہے۔

بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن کی جانب سے دی گئی آخری تاریخ آج ختم ہو رہی تھی، جس پر معاملہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں تفصیل سے زیر بحث آیا۔

سیکریٹری آئی پی سی محی الدین وانی نے کمیٹی کو بتایا کہ پرو لیگ میں شرکت کے لیے مجموعی طور پر 35 کروڑ روپے درکار ہیں۔ وفاقی حکومت نے 25 کروڑ روپے فراہم کر دیے ہیں جبکہ باقی 10 کروڑ روپے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو خود اکٹھے کرنے ہوں گے۔

اجلاس کے دوران رکن کمیٹی شہلا رضا اور مہرین رزاق بھٹو نے ہاکی فیڈریشن کی کارکردگی اور آئینی معاملات پر سوالات اٹھائے۔ شہلا رضا نے کہا کہ پی ایچ ایف کے سیکریٹری جنرل کی تقرری غیر آئینی ہے اور یہ بھی نشاندہی کی کہ پاکستان نے میرٹ پر کوالیفائی نہیں کیا بلکہ نیوزی لینڈ کے دستبردار ہونے کے بعد یہ موقع ملا۔

اس پر سیکریٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد نے مؤقف اختیار کیا کہ پرو لیگ دنیا کا ایک بڑا ایونٹ ہے جس میں دنیا کی دس بہترین ٹیمیں حصہ لیتی ہیں، لہٰذا پاکستان کی شمولیت ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی ٹیم کی موجودگی ہاکی کی بحالی کے لیے نہایت اہم ہے۔ وفاقی حکومت کے اس فیصلے نے شائقین ہاکی کو بھی بڑی حد تک سکون پہنچایا ہے، جو خدشہ ظاہر کر رہے تھے کہ مالی مشکلات کے باعث پاکستان ایک اور اہم عالمی ایونٹ سے باہر نہ رہ جائے

More From Author

کراچی: ڈرگ روڈ انڈر پاس حادثہ، خاتون سمیت تین جاں بحق، ایک زخمی

بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے باوجود پاکستان کو سیلاب سے متعلق انتباہ جاری کیا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے