وزیراعظم نے موسمیاتی آفات کے اثرات کم کرنے کی جامع حکمتِ عملی کی منظوری دے دی: مصدق ملک

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کے اثرات کم کرنے کے لیے ایک جامع قومی حکمتِ عملی کی منظوری دے دی ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے اسلام آباد میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔

ڈاکٹر مصدق ملک کے مطابق یہ حکمت عملی تین مرحلوں پر مشتمل ہے جس کا مقصد سیلاب، شدید بارشوں اور دیگر موسمیاتی آفات سے ہونے والے نقصانات کو مؤثر انداز میں کم کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلا مرحلہ، جو آئندہ 200 دنوں میں مکمل کیا جائے گا، حالیہ سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں کی بحالی پر مشتمل ہوگا۔ اس میں نکاسی آب کے نظام کی مرمت، بندوں کی مضبوطی اور کمزور مقامات کی فوری بحالی شامل ہے تاکہ اگلے مون سون سے پہلے حفاظتی اقدامات مکمل کیے جا سکیں۔

دوسرے مرحلے کی مدت ایک سے تین سال رکھی گئی ہے، جس میں ملک بھر کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں ابتدائی وارننگ سسٹم کو وسعت دی جائے گی، تاکہ بروقت الرٹس جاری کیے جا سکیں اور کسی بھی ممکنہ آفت سے پہلے اقدامات کیے جا سکیں۔

تیسرا مرحلہ، جو تین سے پانچ سال پر محیط ہوگا، موسمیاتی آفات سے بچاؤ کے لیے مضبوط اور پائیدار انفراسٹرکچر کی تعمیر پر توجہ دے گا، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں سیلاب اور شدید بارشوں کا خطرہ زیادہ رہتا ہے۔

وزیراعظم نے ایک موبائل ہیلتھ سسٹم کے قیام کی بھی ہدایت کی ہے، جو آفت زدہ علاقوں تک تیزی سے پہنچ کر ایمرجنسی طبی امداد فراہم کرے گا۔ یہ موبائل یونٹس ٹراما کیئر سینٹرز کے طور پر کام کرنے کی صلاحیت بھی رکھیں گے۔

ڈاکٹر مصدق نے بتایا کہ این ڈی ایم اے کے پاس اب یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ ممکنہ آفات کے رجحانات اور ان کے اثرات کو کئی ماہ پہلے 95 فیصد تک درست اندازے کے ساتھ پیش گوئی کر سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ رواں موسمِ سرما میں شمالی علاقوں میں معمول سے زیادہ برفباری متوقع ہے، جبکہ قبل از وقت ہیٹ ویو برف تیزی سے پگھلا کر سیلابی صورتحال پیدا کر سکتی ہے۔

اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ پاکستان دنیا کے اُن پانچ ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث ہر سال موسمی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ادارہ تمام صوبوں کے ساتھ رابطے میں ہے اور پیشگی اقدامات کر رہا ہے تاکہ موسمیاتی آفات سے ممکنہ نقصان کو کم سے کم رکھا جا سکے۔

More From Author

پاکستان کے اسجد اقبال نے پانکج ادوانی کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ، مندی کے بعد دوبارہ تیزی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے