کراچی (22 ستمبر 2025): پاکستان میں سونے کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، جہاں فی تولہ قیمت ایک ہی روز میں 3 ہزار 400 روپے بڑھ گئی۔
آل پاکستان جمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا اب 3 لاکھ 93 ہزار 700 روپے کا ہوگیا ہے، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت بھی 2 ہزار 915 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 37 ہزار 534 روپے تک جا پہنچی ہے۔
عالمی منڈی میں بھی سونے کے نرخوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انٹرنیشنل مارکیٹ میں سونا 17 ڈالر کے اضافے سے بڑھ کر فی اونس 3 ہزار 685 ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
ماہرین کے مطابق مہنگائی، سیاسی غیر یقینی اور معاشی دباؤ کے دوران سونا ہمیشہ ایک محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے۔ صدیوں سے جب دیگر اثاثوں پر اعتماد کمزور ہوتا ہے تو سرمایہ کار اپنی دولت کو محفوظ رکھنے کے لیے سونا خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں، اور آج پھر یہی رجحان سامنے آ رہا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ سال پاکستان میں سونے کی قیمت کے تعین کا طریقہ کار تبدیل کیا گیا تھا، جس کے تحت مقامی نرخ عالمی قیمت سے 20 ڈالر فی اونس زائد مقرر کرنے کا اصول اپنایا گیا۔ اس تبدیلی کے باعث اب پاکستان میں سونے کی قیمتیں براہِ راست عالمی منڈی کے اتار چڑھاؤ سے جُڑ گئی ہیں، جس کا اثر صارفین پر فوری پڑتا ہے۔