کراچی، 25 اگست 2025 – پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت ایشیا کی سب سے بڑی اور اہم نمائش انٹرٹیکسٹائل شنگھائی اپیرل فیبرکس اینڈ یارن ایکسپو – آٹم ایڈیشن 2025 میں بھرپور شرکت کے لیے تیاریوں میں مصروف ہے۔ یہ عالمی سطح کی نمائش 2 سے 4 ستمبر کو چین کے شہر شنگھائی میں نیشنل ایگزیبیشن اینڈ کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگی۔
یہ نمائش ایشیا کی سب سے بڑی اور بااثر ٹیکسٹائل ٹریڈ فیئر سمجھی جاتی ہے جہاں گارمنٹس فیبرکس، یارن سپلائرز اور دنیا بھر کے خریدار ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہوتے ہیں۔ چین کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی ٹیکسٹائل صنعت کی وجہ سے فائبرز، یارن اور جدید فیبرکس کی طلب میں اضافہ ہورہا ہے، جس سے غیر ملکی سپلائرز بشمول پاکستان کے لیے نئے تجارتی مواقع پیدا ہورہے ہیں۔
گزشتہ سال اس ایونٹ میں 26 ممالک کے 4,000 سے زائد نمائش کنندگان اور 115 ممالک سے ایک لاکھ سے زیادہ پروفیشنل خریداروں نے شرکت کی تھی۔ اسی طرح یارن ایکسپو آٹم 2024 میں 538 کمپنیوں نے اپنے اسٹالز لگائے جبکہ 81 ممالک سے 22 ہزار خریدار شریک ہوئے، جس نے اس نمائش کی عالمی حیثیت کو مزید اجاگر کیا۔
رواں سال پاکستان کی جانب سے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے سرکاری پاویلین میں ندیم انٹرپرائزز، سفائر ٹیکسٹائل ملز اور ٹیکس ہب اپنی مصنوعات پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ کوہ نور ملز لمیٹڈ، ایزگارڈ نائن لمیٹڈ، ڈائمنڈ فیبرکس لمیٹڈ اور محمود ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ انفرادی طور پر اپنی موجودگی کو اجاگر کریں گے۔
دوسری جانب یارن ایکسپو آٹم 2025 میں پاکستان کی جانب سے ایب ٹیکس انٹرنیشنل، احسن کاٹن اور شیامن من نسیم ٹریڈ کمپنی لمیٹڈ ملک کے اسپننگ سیکٹر کی نمائندگی کریں گے۔ ماہرین کے مطابق پاکستان کی مسلسل شمولیت اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ ملکی ٹیکسٹائل صنعت نہ صرف عالمی منڈی میں اپنی موجودگی کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے بلکہ نئے رجحانات اور جدت بھی متعارف کروا رہی ہے۔ توقع ہے کہ 2025 کی یہ نمائشیں پاکستان سمیت دنیا بھر کی کمپنیوں کے لیے تجارت، شراکت داری اور بین الاقوامی تعاون کے نئے دروازے کھولیں گی