اینگرو ہولڈنگز لمیٹڈ (PSX: ENGROH) نے 30 ستمبر 2025 کو ختم ہونے والے نو ماہ کے دوران 86.15 ارب روپے منافع بعد از ٹیکس (PAT) حاصل کرنے کا اعلان کیا ہے، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔ اس میں سے 42.02 ارب روپے حصص یافتگان کو منسوب کیے گئے ہیں، جو کمپنی کی مضبوط کارکردگی اور کامیاب حکمتِ عملی کی عکاسی کرتے ہیں۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کو جمع کرائی گئی اطلاع کے مطابق، اینگرو کے فی حصص آمدنی (EPS) میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جو گزشتہ سال 13.21 روپے سے بڑھ کر 34.89 روپے تک جا پہنچی۔ منافع میں یہ نمایاں اضافہ بنیادی طور پر ان نقصانات کی واپسی (reversal) سے ہوا ہے جو کمپنی کے تھرمل انرجی اثاثوں پر پہلے درج کیے گئے تھے اور بعد میں فروخت کے لیے رکھے گئے تھے۔
تاہم اگر اس ایک وقتی اکاؤنٹنگ فائدے کو نکال دیا جائے تو بھی کمپنی کی بنیادی کارکردگی مستحکم رہی، اور حصص یافتگان کا منافع 15.16 ارب روپے رہا، جو اینگرو کے متنوع کاروباری شعبوں میں مسلسل ترقی کو ظاہر کرتا ہے۔
مضبوط مالی نتائج کے باوجود، بورڈ آف ڈائریکٹرز نے عبوری منافع (interim dividend) کا اعلان نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ آئندہ ’’ٹاورز ٹرانزیکشن‘‘ کے لیے سرمایہ محفوظ رکھا جا سکے۔ کمپنی کے مطابق یہ قدم طویل مدتی ترقی اور سرمائے کے استحکام کو یقینی بنانے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔
مارکیٹ ماہرین نے اینگرو کی محتاط مالی حکمتِ عملی کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ کمپنی کے فیصلے بدلتے معاشی حالات میں اس کے دور اندیش طرزِ عمل کی عکاسی کرتے ہیں۔
اینگرو ہولڈنگز توانائی، ٹیلی کمیونی کیشن اور انفراسٹرکچر جیسے ہائی ویلیو شعبوں میں اپنی موجودگی کو مزید مضبوط بنا رہی ہے یہی شعبے کمپنی کے اُس وژن کا مرکز ہیں جس کے تحت وہ پاکستان میں صنعتی ترقی اور حصص یافتگان کے مفاد میں اضافہ کرنا چاہتی ہے۔