اسلام آباد – 6 اگست، 2025:
اسلام آباد کو ڈیجیٹل شہر بنانے کے سلسلے میں ایک اہم پیشرفت کے تحت کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اپنے مختلف محکموں میں کیش لیس نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنا، مالی شفافیت کو فروغ دینا اور ادائیگی کے عمل کو آسان بنانا ہے۔
یہ فیصلہ سی ڈی اے کے چیئرمین محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق، نئے نظام کے تحت شہری اب پراپرٹی ٹیکس، پانی کے بل، زمین کی منتقلی، پارکنگ چارجز اور دیگر خدمات کی ادائیگیاں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے کر سکیں گے۔
چیئرمین رندھاوا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام خدمات کی ادائیگیاں QR کوڈز اور آن لائن پورٹلز کے ذریعے ممکن بنائی جائیں۔ ان کا کہنا تھا، "یہ اقدام اسلام آباد کو محفوظ شہر سے اسمارٹ سٹی میں بدلنے کی ہماری کوششوں کا اہم حصہ ہے۔ شہریوں کو اب گھروں بیٹھے سہولیات تک رسائی حاصل ہو گی۔”
اس تبدیلی کو موثر بنانے کے لیے سی ڈی اے مقامی بینکوں کے تعاون سے موبائل ایپلیکیشنز اور آن لائن سسٹمز بھی متعارف کرانے جا رہا ہے۔ ساتھ ہی ادارے کے عملے کی تربیت اور عوام میں آگاہی مہم بھی جلد شروع کی جائے گی۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سی ڈی اے کا موجودہ "ون ونڈو سہولت مرکز” مزید فعال بنایا جائے گا اور وہاں بھی کیش لیس نظام نافذ کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق مرکز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے شہریوں کی رہنمائی کے لیے زیادہ مؤثر بنایا جائے گا۔
سی ڈی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف ادارے میں مالی شفافیت کو یقینی بنائے گا بلکہ شہریوں کے لیے خدمات کا حصول بھی آسان بنائے گا۔ اس فیصلے کے ساتھ، اسلام آباد ان عالمی شہروں کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے جو ڈیجیٹل گورننس کو بہتر سروس فراہمی، شفافیت اور سہولت کا ذریعہ سمجھتے ہیں