آئی سی سی نے سوریہ کمار یادو اور حارث رؤف پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کر دیا

دبئی، 27 ستمبر 2025 — انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایشیا کپ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بھارت کے کپتان سوریہ کمار یادو اور پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف پر جرمانہ عائد کر دیا ہے، جبکہ پاکستانی بلے باز صاحبزادہ فاران کو صرف وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا۔

آئی سی سی کے میچ ریفری رچی رچرڈسن کے مطابق، سوریہ کمار اور حارث رؤف دونوں کی میچ فیس کا 30 فیصد کاٹ لیا گیا۔ یہ کارروائیاں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے ہائی وولٹیج میچز میں پیش آنے والے واقعات کے بعد کی گئیں۔

سوریہ کمار کو 14 ستمبر کے گروپ میچ کے بعد فوجی تنازع سے متعلق تبصرہ کرنے پر جرمانہ کیا گیا، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے باضابطہ شکایت درج کرائی تھی۔ دوسری جانب حارث رؤف کو 21 ستمبر کو سپر فور میچ کے دوران بھارتی شائقین کی نعرے بازی پر ردعمل دیتے ہوئے ’6-0‘ کا اشارہ کرنے اور طیارہ گرانے کی حرکت کی بنا پر سزا دی گئی۔ اس معاملے پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے شکایت کی تھی۔

ادھر صاحبزادہ فاران نے نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد بندوق چلانے کی نقل کر کے جشن منایا، تاہم انہیں جرمانے سے بچا لیا گیا اور صرف وارننگ دی گئی۔ یہ کارروائی بھی بی سی سی آئی کی شکایت پر عمل میں آئی۔

تینوں کھلاڑیوں نے الزامات کو تسلیم کرنے سے انکار کیا تھا، تاہم سماعت کے بعد انہیں قصور وار قرار دیا گیا۔

یہ فیصلے ایک ایسے وقت پر سامنے آئے ہیں جب پورے ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی نمایاں رہی۔ بھارت کی جانب سے ہاتھ ملانے سے انکار اور گراؤنڈ میں کھلاڑیوں کے درمیان نوک جھونک نے ماحول کو مزید گرمایا ہوا ہے۔

اب جبکہ دونوں ٹیمیں دبئی میں ایشیا کپ کے فائنل میں ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گی، آئی سی سی کی یہ تادیبی کارروائیاں اس ہائی وولٹیج مقابلے کو مزید دلچسپ اور سنسنی خیز بنا رہی ہیں۔

More From Author

پاکستان، روس، چین اور ایران کا پرامن اور متحد افغانستان کے لیے عزم کا اعادہ

وزیرِاعظم شہباز شریف کا بھارتی صحافی کو دوٹوک جواب، اقوام متحدہ میں پاکستان کا مؤقف دہرایا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے