پاکستان فیٹف کی گرے لسٹ سے نکل گیا
منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے مالی معاونت پر نظر رکھنے والے عالمی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف ) نے پاکستان کو اپنی گرے لسٹ سے نکال دیا۔ یہ فیصلہ ایف اے ٹی ایف کے 20 اور 21 اکتوبر کو پیرس میں منعقد ہونے والے دو روزہ اجلاس کے اختتام پر کیا۔ فیٹف کے صدر ٹی راجہ کمار نے کہا کہ پاکستان نے 35 سفارشات پر بہتر انداز میں عمل کیا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالا جا رہا ہے۔ اس اجلاس میں تنظیم کے رکن ممالک کے نمائندوں کے علاوہ آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور اقوامِ متحدہ جیسی تنظیموں کے نمائندے بھی بطور مبصر شریک ہوئے جبکہ پاکستان کی نمائندگی وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کی قیادت میں وفد نے کی۔ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے صدر ٹی راجہ کمار نے کہا کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے ہٹا دیا گیا ہے، پاکستان 2018 سے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ پر تھا، پاکستان اور نکارا گوا کو گرے لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔ ٹی راجہ کمار نے کہا کہ پاکستان کی فیٹف مانیٹرنگ جاری رہے گی، پاکستان نے تمام نکات پورے کیے ہیں، ہم پاکستان کو گرے لسٹ سے باہر نکلنے میں خوش آمدید کرتے ہیں۔ صدر فیٹف ٹی راجہ کمار نے کہا کہ فیٹف نے پاکستان کا دورہ کیا اور تمام اصلاحات کا جائزہ کیا۔ صدر ٹی راجہ کمار نے کہا کہ میانمر کو گرے سے بلیک لسٹ میں شامل کیا جا رہا ہے، پاکستان نے منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ روکنے کے نظام میں بہتری لائی ہے، پاکستان نے 34 نکات پر عمل درآمد کیا ہے۔ پاکستان کا نام 2018 میں ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ڈالا گیا تھا اور 27 نکات پر عمل درآمد کیلئے ایکشن پلان دیا گیا تھا، بعد ازاں پاکستان کو مزید سات اور پھر چھ نکات پر عمل درآمد کرنے کا کہا گیا تھا، ان نکات پر عمل درآمد کاجائزہ لینے کیلئے ایف اے ٹی ایف کے وفد نے پاکستان کا دورہ کیا۔ پیرس میں ورکنگ گروپ اور پلینری اجلاسوں میں عالمی نیٹ ورک کے 206 ارکان اور مبصر تنظیموں کی نمائندگی کرنے والے مندوبین بشمول عالمی مالیاتی فنڈ ، اقوام متحدہ، ورلڈ بینک، انٹرپول اور ایگمونٹ گروپ آف فنانشل انٹیلی جنس یونٹس نے شرکت کی۔ 2 روزہ بحث کے اختتام پر پلینری اجلاس میں طے کیے جانے والے فیصلوں کا اعلان کیا گیا۔ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ میں تقریباً 52 ماہ شامل رہنے کے بعد پاکستان کا نام اس فہرست سے نکالا گیا ہے۔ فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے سے پاکستان کیلئے غیر ملکی فنڈنگ کا حصول آسان ہو جائے گا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے فیٹف گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نجات ملی ،پاکستان کا سربلند ہونے پر میری گردن اللہ تعالی کے حضور شکر سے جھکی ہوئی ہے، عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ اور وقار کی بحالی قوم کو مبارک ہو ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یہ ہماری عظیم قربانیوں کا اعتراف ہے، انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو دنیا نے تسلیم کیا ہے، فیٹف میں شامل ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے پاکستان کے موقف کو تسلیم کیا ۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزارت خارجہ ، تمام متعلقہ حکام اور وزارتوں کو مبارک پیش کرتا ہوں ،افواج پاکستان، ڈی جی ایم او سمیت دیگر تمام ٹیم کو مبارک دیتا ہوں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو اس کامیابی میں کلیدی کردار پر سراہتے ہیں اور مبارک دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اتحادی جماعتوں اور قائدین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے بھرپور تعاون سے یہ ممکن بنایا، الحمداللہ وزیراعظم نوازشریف کی طرح ایک بار پھر پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکالنے میں کامیاب ہوئے، این آراو کی تہمتیں برداشت کرکے قومی مفاد کی خاطر اپوزیشن میں بھی ہم نے اس معاملے پر پورا تعاون کیا، ہم نے ہمیشہ قومی اور ریاستی مفاد کو ترجیح دی، یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالی نے آج یہ کامیابی عطا فرمائی، گرے لسٹ سے نجات کے پاکستان کی معیشت، سفارت اور سیاست پر مثبت اثرات ہوں گے، ان شااللہ آنے والے وقت میں ملک اور قوم کے لئے اور بھی خوشخبریاں آئیں گی۔